عمران خان نے دنیا بھر میں پاکستانیوں کی عزت بڑھائی، فواد چودھری


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان نے دنیا بھر میں پاکستانیوں کی عزت بڑھائی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے اوورسیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اشیا کی قیمتیں پوری دنیا میں بڑھی ہیں اور پوری دنیا میں سب سے زیادہ عزت بھی پاکستانیوں کی بڑھی ہے۔ آپ گواہ ہیں آلو ٹماٹر کی قیمت پوری دنیا میں بڑھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے شخص کو لیڈر بنائیں جو آپ کے قد کو اونچا کرے اور آج ہم اپنا پاسپورٹ رکھ کے بتاتے ہیں کہ ہمارا لیڈر عمران خان ہے۔ لیڈر وہ نہیں جو پرچی لے کر امریکی صدر کے سامنے بیٹھا ہو اور اس کی کانپیں ٹانگ رہی ہوں۔

فواد چودھری نے کہا کہ حکومت اور حزب اختلاف میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کی لڑائی ہے اور ہم کسی بھی فورم میں اوورسیز پاکستانی کے حق سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ یہ لوگ آپ کے ووٹوں سے خوفزدہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری کو باہر نکلنا مشکل ہو گیا ہے لیکن عمران خان پورے ملک میں جلسے کر رہا ہے۔ وہ بھی اس طرح کے جلسے کر کے دکھائیں۔

یہ بھی پڑھیں: ق لیگ کے اکثریتی اراکین کی اپوزیشن کا ساتھ دینے کی تجویز

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آصف زرداری نے 7 سال میں ضیا الحق کا خواب پورا کر دیا۔ اوورسیز 30 ارب ڈالر ترسیلات زر نہ بھیجتے تو ملک دیوالیہ ہوچکا ہوتا اس لیے اصل پاکستانی کی سوچ دیکھنی ہے تو اوورسیز پاکستانیوں کو دیکھیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری کا پارک میں چلنا مشکل ہو گیا ہے۔ مریم بی بی کہتی تھیں عمران خان باہر نکلو تو پتہ چلے گا اب ہم تو باہر نکلے ہوئے ہیں لیکن آپ نکلو تو پتہ چلے۔ میلسی، حافظ آباد، لوئر دیر کا جلسہ سب نے دیکھا ہے۔ امید ہے عدم اعتماد کی نوبت نہیں آئے گی۔


متعلقہ خبریں