سیلز ٹیکس ری فنڈ نہ ہونا عمران خان کے دعوؤں کی نفی ہے ، مریم اورنگزیب


لاہور: مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سیلز ٹیکس ری فنڈ نہ ہونا عمران خان کے دعوؤں کی نفی ہے۔

مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹریکٹر اور زرعی آلات بنانے والے یونٹس بند ہونا معیشت کے لیے خطرناک ہے جبکہ تاریخی مہنگائی میں ان یونٹس کے بند ہونے سے مہنگائی میں مزید شدت آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی زراعت اور کسان متاثر ہوں گے جس کی وجہ سے غربت اور بے روزگاری میں مزید اضافہ ہو گا اور ‎ یہ عمران خان کی لائی ترقی کے بھیانک ثمرات ہیں۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ ‎2 سال سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سیلز ٹیکس ری فنڈ کرنے میں ناکام ہے اور اگر ‎ریونیو بڑھ گیا ہے تو سیلز ٹیکس ری فنڈز کی ادائیگی 2 سال سے کیوں بند ہے؟

انہوں نے کہا کہ ‎اربوں روپے کے سیلز ٹیکس ری فنڈ نہ ہونا عمران خان کے دعوؤں کی نفی ہے جبکہ ‎ملک میں ٹریکٹر کی قیمت بڑھ جائے گی اور ملک کی فوڈ سکیورٹی متاثر ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: صرف عمران خان نہیں، پی ٹی آئی حکومت کو مائنس کرنے کےحق میں ہیں، شاہد خاقان

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ‎زراعت متاثر ہونے سے خوراک کی قلت اور قیمت دونوں میں اضافہ ہو گا۔ ‎ملک میں مہنگائی مزید بڑھے گی جو پہلے ہی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ دیہاتوں میں مہنگائی شہروں سے زیادہ ہے۔ ‎پیداواری یونٹس سمیت دیگر کو فی الفور سیلز ٹیکس ری فنڈ کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔


متعلقہ خبریں