ہمارے ارکان اسمبلی زرداری بہکاوے میں نہیں آئیں گے، وزیر خارجہ


میرپور خاص: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمارے ارکان اسمبلی زرداری بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میر پورخاص میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈائیلاگ اینڈ ڈپلومیسی سے مسائل حل ہو سکتے ہیں اور ہمارا واضح مؤقف ہے کہ جنگ مسائل کا حل نہیں۔ پاکستان 20 سال حالت جنگ میں رہا اور معاشی نقصانا ت کا سامنا کیا۔

انہوں نے کہا کہ روس یوکرین جنگ میں شدت تمام یورپین ممالک کے لیے نقصان دہ ہو گا تاہم ہم کسی گروپ کا حصہ نہیں بنیں گے۔ روس یوکرین تنازعہ پر منیر اکرم نے پاکستان کا مؤقف بہتر انداز میں پیش کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پولینڈ ہم منصب سے بات ہوئی اور انہوں نے مثبت تاثر دیا۔ یورپی ممالک خود تسلیم کر رہے ہیں کہ روس پر پابندیاں مسئلے کا مستقل حل نہیں۔ پولینڈ، ہنگری اور دیگر ممالک سے اپنے شہریوں کی حفاظت سے متعلق رابطے میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی سفارتخانے نے یوکرین میں بلا امیتاز بھارتی طلبہ اور شہریوں کو بھی مدد فراہم کی ہے جبکہ بھارتی طلبہ اور شہریوں کی امداد انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کی کیونکہ طلبہ گھبرائے ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: عدم اعتماد سے ق لیگ کا تعلق نہیں، نمبر اتحادیوں کے بغیر بھی پورے ہیں، شاہد خاقان

پاکستانی سیاست پر بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ زرداری کی سیاست کو سمجھتے ہیں اور ہمارے ارکان اسمبلی آصف علی زرداری کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے جبکہ ہمیں یقین ہے ہمارے ارکان اسمبلی اپنے مؤقف پر ڈٹے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مٹیاری میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے میرے قافلے کو روکنے کی کوشش کی اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے تصادم کی فضا پیدا کرنے کی کوشش کی لیکن یہ بے نظیر بھٹو کی پارٹی کا شیوہ نہیں تھا اب یہ نئی پیپلز پارٹی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آصف زرداری کی مخالفت کے باوجود بےنظیر بھٹو نے مجھے پیپلز پارٹی پنجاب کا صدر بنایا تھا جبکہ آصف زرداری، احمد مختار کو پیپلز پارٹی پنجاب کا صدر بنانا چاہتے تھے۔ آصف زرداری مجھے سمجھ ہی نہیں پائے۔


متعلقہ خبریں