اسحاق ڈار کا بنگلہ فوری نیلام کرنے کیلئے مراسلہ جاری


لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا بنگلہ فوری نیلام کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر لاہور کو مراسلہ جاری کر دیا۔

نیب لاہور کی جانب سے ڈپٹی کمشنر کو بھجوائے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ عدالتی احکامات کی روشنی میں اسحاق ڈار کا بنگلہ نیلامی کرنے کے لیے فوری طور پر تمام کارروائی کا آغاز کیا جائے۔

لاہور کے علاقے گلبرگ میں 4 کنال اراضی پر قائم بنگلے کی کل مالیت کا اندازہ 25 کروڑ روپے لگایا گیا ہے اور بنگلے کی نیلامی کی صورت میں آمدن سے زائد اثاثہ جات کے کیس میں نیب لاہور کی اسحاق ڈار سے یہ دوسری بڑی وصولی ہو گی۔

اس سے قبل نیب اسحاق ڈار کے بینک اکاؤنٹ سے 50 کروڑ روپے نکال کر قومی خزانے میں جمع کروا چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کرائے کے ترجمانوں کی چیخیں سنائی دے رہی ہیں، مریم اورنگزیب

نیب لاہور کے مطابق بنگلے کی فروخت کے لیے ڈی سی لاہور کو سرکاری سطح پر ہدایات جاری کر دی گئیں۔ احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کو کرپشن ریفرنس میں عدم پیروی پر دسمبر 2017 میں مفرور ملزم قرار دیا تھا۔

واضح رہے کہ عدالت نے نیب ریفرنس میں ظاہر کی گئی ملزم کی تمام جائیدادیں بحق سرکار ضبط کرنے کے احکامات بھی جاری کر رکھے ہیں۔

اسحاق ڈار کی اہلیہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں بنگلے کی نیلامی رکوانے کے لیے درخواست دائر کی تھی جسے مسترد کر دیا گیا تھا۔ احتساب عدالت نے گلبرگ تھری لاہور کا گھر 7 نومبر کو ضبط کر کے نیلام کرنے کا حکم دیا تھا۔

تبسم اسحاق ڈار نے اسلام آباد کی عدالت میں موقف اپنایا تھا کہ گلبرگ تھری لاہور کا گھر میری ملکیت ہے۔


متعلقہ خبریں