اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو لانگ مارچ تو کیا شارٹ مارچ بھی نہیں کرسکتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ لانگ مارچ میں جتنے الفاظ ہیں ان کے پاس اتنے لوگ بھی نہیں ہیں۔
ہم ہتھیار نہیں ووٹ کی طاقت پر یقین رکھتے ہیں، بلاول بھٹو زرداری
ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے ساتھ دورہ چین سے واپسی پر نور خان ایئر بیس پہ ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ گزشتہ روز ہم 5 کے ڈرامہ سیریل کی چیخیں سب نے سنیں۔
انہوں نے کہا کہ گوادر بندرگاہ کا منصوبہ پاکستان سمیت خطے کے لیے گیم چینجر ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کو بائی لیٹرل کے اسپیلنگ نہیں آتے وہ بھی تنقید کرتے ہیں۔ انہوں ںے کہا کہ ونٹر اسپورٹس کے لیے پورا فریم ورک لے کر آ رہے ہیں۔
وفاقی وزیرفواد چودھری نے کہا کہ گزشتہ روز جو محفل ہوئی اس میں شہبازشریف اور بلاول بھٹو نے ماتم کیا اورہم 5 کے ڈرامہ سیریل کی چیخیں سب نے سنیں۔ انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کے دن سارے چور اکٹھے ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی تمام جماعتیں اب علاقائی جماعتیں بن چکی ہیں۔
اپوزیشن کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ جب پیچھے موڑ کر دیکھتے ہیں تو ڈرائیور اور گارڈ کے علاوہ کوئی نہیں ہوتا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب ہم کوشش کرتے ہیں کہ انہیں گاڑیاں اور اونٹ دیں تاکہ کوئی مسئلہ نہ ہو۔
آصف زرداری، شریف خاندان نے جو کیا وہ ہم نہیں کر سکتے، شہباز گل
فواد چودھری نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے طے کیا ہے کہ پنجاب میں ان کا کوئی سیاسی کردار نہیں ہو گا جب کہ مسلم لیگ (ن) نے طے کیا ہے کہ ان کا سندھ میں کوئی سیاسی کردار نہیں ہوگا۔
پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیرنے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ چین کافی کامیاب رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات پاکستانی معیشت کو بدل رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے خلاف کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہو گی۔
نور خان ایئربیس پر ذرائع ابلاغ سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سینیٹ میں اپنی اکثریت ثابت نہیں کر سکی جب کہ قومی اسمبلی میں تو یہ بہت پیچھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دورہ چین میں ایم ایل ون منصوبے سمیت 21 سیکٹرز سے متعلق بات چیت ہوئی، آئی ٹی، چاول کی ایکسپورٹ اور سیمی انڈسٹری کے قیام پر بھی گفتگو کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ چین سے بات ہوئی ہے کہ ایک ملین ٹن چاول پاکستان سے خریدا جائے گا۔
شہباز ، زرداری ملاقات؛ قوم کو انتظار تھا آج پیٹ پھاڑے جائیں گے، اسد عمر
ہم نیوز کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا کہ چین اور پاکستان کی قیادت کو ایک دوسرے پر مکمل اعتماد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا کے خاتمے پر چین کے صدر پاکستان کا دورہ کریں گے۔