اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ نااہل حکمران اب اقتدار میں نہیں رہیں گے۔
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف نے اسلام آباد آبپارہ چوک میں ریلی نکالی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ جے یو آئی ف مولانا فضل الرحمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کو بنیادی سہو لیات سے محروم رکھا جا رہا ہے اور بھارتی فورسز کشمیریوں کو ظلم کا نشانہ بنا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کشمیر میں بھارتی مظالم پر خاموش ہے اور نااہل حکمران آج کشمیر کے سودے کر رہے ہیں اور اس نااہل حکمران نے کشمیر کا مقدمہ پیش ہی نہیں کیا۔
یہ بھی پڑھیں: انسانی المیے کو ختم کرنے کا وقت آگیا، آرمی چیف
سربراہ جے یو آئی ف نے کہا کہ کشمیری بھائیوں کو پیغام دے رہے ہیں کہ آپ مظلوم ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں خواتین کی عصمت دری اور بچوں کی بینائی چھینی جا رہی ہے اور اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عملدر آمد کرانے میں ناکام ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ نااہل حکمرانوں نے مقبوضہ کشمیر کو بھارتی درندوں کے حوالے کر دیا ہے۔ نااہل حکمران اقتدار میں نہیں رہیں گے ان کو غیر مؤثر کر دیا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کشمیر میں ظلم ہو رہا ہے دنیا اس پر خاموش کیوں ہے ؟ لیکن کشمیر میں ظلم پر پاکستانی قوم خاموش نہیں رہے گی۔ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم سی پیک کا عوامی افتتاح کریں گے۔