مقبوضہ کشمیر کے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے۔ صدر مملکت عارف علوی کا کہنا ہے کہ ہم کشمیر میں مظالم پر خاموش نہیں بیٹھیں گے ،نہ ہی پیچھے ہٹیں گے ۔
یوم یکجہتی کشمیر پر پاکستانی عوام کی جانب کی سے کشمیریوں بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ان پر ہونے والے مظالم کے خلاف آواز اٹھاتے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا جا رہا ہے۔
یوم یکجہتی کشمیر پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں صدر مملکت عارف علوی،اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ شریک ہیں۔ وفاقی وزرا ، ترجمان دفتر خارجہ اور دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔
ریلی میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کےلیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ شرکا نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے بینرز اور پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے۔
صدر مملکت عارف علوی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کاسلسلہ جار ی ہے۔مقبوضہ کشمیر میں بلیک آوٹ ہے ،وہاں کشمیریو ں کی آواز دبائی جارہی ہے۔ بھار ت نے مقبوضہ کشمیر میں غیر کشمیری آبادکاری کی اجازت دی۔ بھارتی فورسز کشمیریوں کو گولیوں سے نشانہ بناتی ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہم دنیا کے ہر فورم پر بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے۔بھارت کو خبردار کررہاہوں پاکستان ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر نہیں بیٹھ سکتا۔ ہم کشمیر میں مظالم پر خاموش نہیں بیٹھیں گے ،نہ ہی پیچھے ہٹیں گے ۔
صدر عارف علوی نے کہا ہے کہ عالمی برادری سے اپیل کرتے ہیں وہ بھارتی مظالم کانوٹس لے۔بھارت اپنے ہی ملک میں اقلیتوں کے ساتھ جوکررہاہے دنیا اس کی بھی گواہ ہے۔اپنی ہی لگی آگ سے بھارت میں چنگاریاں اٹھتی ہیں تو اس کا الزا م پاکستان پر لگے گا۔