پاکستان کا کشن گنگا پن بجلی منصوبے پر اظہار تشویش


اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کے زیرتسلط مقبوضہ کشمیر میں کشن گنگا پن بجلی منصوبے کے افتتاح پر تشویش کا اظہار کردیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق تنازعہ حل کیے بغیر اس منصوبے کا افتتاح سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔

عالمی بینک کے زیر اہتمام  دوطرفہ ثالثی کے کئی مرحلوں کے باوجود بھارت نے منصوبہ کی تعمیر جاری رکھی۔  بھارت کی جانب سے ہٹ دھرمی پر مبنی رویہ معاہدہ کے لیے ایک خطرہ ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق معاہدے کے محافظ کی حثیت سے عالمی بینک کو بھارت پر زور دینا چاہیے کہ وہ کشن گنگا پن بجلی منصوبے کے بارے میں پاکستان کے تحفظات  دور کرے۔

پاکستان نے عالمی عدالت میں کشن گنگا ڈیم کا کیس بھی جیت لیا ہے، پاکستان نے عالمی ثالثی عدالت میں ڈیم کے ڈیزائن پر اعتراض کیا تھا جسے تسلیم کرتے ہوئے عدالت نے ڈیزائن تبدیل کرنے کا حکم دیا تھا۔


متعلقہ خبریں