پہ در پہ شکست، دلبرداشتہ کوہلی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سے بھی مستعفی


بھارتی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا۔

ویرات کوہلی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایمانداری سے کپتانی کی، ہرچیزکے اختتام کا وقت آتا ہے، میری کپتانی کے اختتام کا وقت بھی آ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ روہت شرما ٹیسٹ کرکٹ کے لیے بہتر کپتان ثابت ہوسکتے ہیں۔

ویرات کوہلی کے مستعفی ہونے کی وجہ بھارتی ٹیم کی آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اور جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ سیریزمیں ناکامی ہے۔

انہوں نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل ہی بھارت کرکٹ بورڈ کو اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا تھا جس کے بعد ان سے ایک روزہ میچز کی کپتانی بھی واپس لے لی گئی تھی، اب جنوبی آفریقہ کے خلاف ایک ٹیسٹ سیریز میں شکست کی وجہ سے ویرات کوہلی کا مستعفی ہونے کا فیصلہ سامنے آیا ہے۔

ویرات کوہلی نے 68 ٹیسٹ میچوں میں بھارتی ٹیم کی قیادت کی جس میں 40 میں فتح ، 17 میں شکست اور 11 میچ بغیر کسی فیصلے کے اختتام پذیر ہوئے

ویرات کوہلی اس وقت 33 سال سے زائد کی عمر کے ہو چکے ہیں ، انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 99 میچز کی 168 اننگز میں 50 کی اوسط سے 7 ہزار 962 رنز بنا رکھے ہیں ،جس میں 27 سنچریاں اور 28 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

ان کا ٹیسٹ کرکٹ میں ناقابل شکست 254 زیادہ رنز ہے، ویرات کوہلی نے 254 ایک روزہ میچز میں 12 ہزار 169 رنز بنائے ہیں جن میں 43 سنچریاں اور 62 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

کوہلی کا ایک روزہ میچوں میں 183 سب سے زیادہ رنز ہے جو انہوں نے ایشیا کپ 2014 میں پاکستان کے خلاف بنائے تھے، ویرات کوہلی نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے 95 میچز میں 3 ہزار 227 رنز بنائے ہیں جن میں ان کی کوئی سنچری شامل نہیں ہے جبکہ 29 نصف سنچریاں بنا چکے ہیں اور 95 ان کا زیادہ سے زیادہ اسکور ہے۔


متعلقہ خبریں