وزیر اعظم کی زیرصدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس، پرویز خٹک کا احتجاجاً بائیکاٹ


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔ پرویز خٹک نے احتجاجاً اجلاس کا بائیکاٹ کر دیا۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی زیرصدارت پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں وزیر دفاع پرویز خٹک 3 بار اپنی نشست پر کھڑے ہوئے اور کہا کہ وزیر اعظم آپ کی موجودگی کا فائدہ اٹھا کر کچھ بات کرنا چاہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ارکان کو گیس کے معاملے پر شدید تحفظات ہیں اور گیس کی جو اسکیمیں شروع ہوئی ہیں وہ کب مکمل ہوں گی ؟ حماد اظہر کو گیس اور بجلی مسائل کا علم ہی نہیں ہے۔

پرویز خٹک نے کہا کہ شوکت ترین مجھے کابینہ میں بھی مطمئن نہیں کر سکے۔ آپ نے غیر منتخب لوگوں کو آس پاس بٹھایا ہوا ہے۔ میں یہاں سے جا رہا ہوں اور جس کے بعد پرویز خٹک نے اجلاس کا بائیکاٹ کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: پارلیمنٹ کے باہر حزب اختلاف کا احتجاج

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ میں ملک کی جنگ لڑ رہا ہوں اور کسی بھی معاملے میں میرا کوئی ذاتی مفاد نہیں ہے۔ میرے کوئی کارخانے نہیں میری کوششیں ملکی مفاد کی خاطر ہیں۔

حماد اظہر نے گیس صورتحال پر 2011 سے بات کا آغاز کیا تو پرویز خٹک نے سوال کیا کہ مجھے کہانیاں نہ سنائیں یہ بتائیں گیس ملے گی یا نہیں ؟

بعد ازاں وزیر اعظم عمران خان نے وزیر دفاع پرویز خٹک کو اپنے چیمبر میں طلب کیا جہاں پرویز خٹک نے وزیر اعظم کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔

وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد پرویز خٹک نے کہا کہ ٹی وی دیکھ کر حیران ہو گیا کہ اتنا بڑا طوفان کھڑا کر دیا گیا میں تو سگریٹ پینے باہر گیا تھا۔ ہمارے صوبے میں گیس کا مسئلہ ہے لیکن میرا سوال تھا ہماری گیس کی اسکیمیں نہ روکی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری اندرونی باتیں ہیں اور پارٹی میں ہر طرح کی بات ہوتی ہے لیکن کوئی سخت بات نہیں کی بلکہ درخواست کی ہے کہ اسکیمیں نہ روکی جائیں۔ میں وزیر اعظم عمران خان کے خلاف نہیں ہوں اور نہ ہو سکتا ہوں۔

پرویز خٹک نے کہا کہ وزیر اعظم پر مکمل اعتماد ہے وہ میرے لیڈر ہیں اور ان کا کوئی مقابلہ نہیں کر سکتا۔


متعلقہ خبریں