آصف زرداری نے کہا تھا پی ٹی آئی کا جنم کے پی سے ہوا، وہیں دفن ہو گی، سعید غنی


کراچی: سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری نے کہا تھا پی ٹی آئی کا جنم خیبر پختونخوا سے ہوا اور یہ وہیں دفن ہو گی۔

سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا بلدیاتی انتخابات کے کئی نتائج روکے گئے ہیں جبکہ خیبر پختونخوا بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کی شکست سے ان کا جنازہ نکلا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے حقوق کا ٹھیکیدار بننے والی جماعت آج خاموش ہے۔ ایم کیو ایم مہنگائی، بےروزگاری، گندم بحران سمیت تمام مسائل پر خاموش ہے اور ایم کیو ایم کو جن لوگوں نے غلطی سے ووٹ دیا تھا اب ان کی امید بلاول بھٹو ہے۔ ایم کیو ایم چینی، یوریا اور گیس بحران پر خاموش ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا پی ٹی آئی کا گڑھ تھا اور انہیں پشاور میں ہی شکست ہوئی۔ سندھ میں کوئی نیا بلدیاتی نظام نہیں آیا تاہم بلدیاتی قوانین کو بہتر بنانے کے لیے کچھ ترامیم کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کی صنعتوں کو گیس نہیں مل رہی اور فیکٹریاں بند ہو رہی ہیں۔

دوسری جانب ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں ووٹ نہیں دیکھیں گے بلکہ ہر جگہ ترقیاتی کام کرائیں گے۔ ہمارے پارکس کی ماضی میں چائنہ کٹنگ کی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اب تمام پارکس کے دروازے عوام کے لیے کھول دیے گئے ہیں۔ ہمیں کوئی اختیارات، کوئی وسائل اضافی نہیں ملے ہیں بس قیادت تبدیل ہوئی اور تبدیلی سب کو نظر آرہی ہے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ پودے لگانے اور پارکس کھولنے کے لیے اربوں روپے نہیں لگتے۔ واٹر پمپ چورنگی کو ماضی میں نظر انداز کیا گیا تھا اور عزیز آباد پارک سابق بلدیاتی نمائندوں کی عدم توجہی کا شکار تھا تاہم اب ہم نے کراچی کے ساتوں اضلاع میں ترقیاتی کام شروع کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فیڈرل بی ایریا میں این آئی سی وی ڈی کا سیٹلائٹ سینٹر بنایا جا رہا ہے اور ضلع وسطی کے رہائشی مریضوں کو اسپتال تک جلد پہنچا سکیں گے۔ ہم منصوبے مکمل کر کے تختیاں لگاتے ہیں۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ضلع کورنگی میں کمپنی کو ٹھیکہ دے دیا گیا ہے اور مشینری پورٹ پر کھڑی ہے جبکہ ضلع وسطی میں بھی ٹینڈر جاری کر دیا گیا اور مشینری منگوائی جا رہی ہے۔


متعلقہ خبریں