سولہ ہزار برطرف ملازمین کا معاملہ، سپریم کورٹ فیصلہ آج سنائے گی۔
سپریم کورٹ وفاقی حکومت اور برطرف ملازمین کی نظر ثانی اپیلوں پر فیصلہ آج 11 بجے سنائے گی، جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ فیصلہ سنائے گا۔
گزشتہ روز لارجر بنچ نے فریقین کے وکلا کےدلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا، سپریم کورٹ کے باہر سیکیورٹی سخت کرتے ہوئے پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
سو سے زائد برطرف ملازمین نے پوری رات پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے گرین بیلٹ پر گزاری۔
یہ بھی پڑھیں: 16 ہزار برطرف ملازمین کی بحالی سے متعلق حکومت نے تجاویز پیش کر دیں
گزشتہ روز دوران سماعت جسٹس عمرعطا بندیال نے ریمارکس دیئے تھے کہ عدالت آئین اورآئینی حدود کی پابند ہے، ہماری کوشش انصاف کی فراہمی اوربنیادی حقوق کا تحفظ ہے، فیصلہ وہی ہوگا جو آئین، قانون اور عوام کے مفاد میں ہوگا۔ یقینی بنائیں گے سرکاری محکموں میں چور دروازے سے تقرریاں نہ ہوں۔
دوران سماعت اٹارنی جنرل نے دلائل میں کہا کہ یہ تعین کہیں نہیں ہوا کہ ملازمین کی بھرتیاں قانونی تھیں یا نہیں، بحالی کے قانون میں ملازمین کو اگلے گریڈ میں ترقی دی گئی تھی۔ عدالت قانون بحال کرتے ہوئے اگلے گریڈ میں ترقی نہ دے۔ استدعا ہے کہ نظرثانی درخواستیں منظورکی جائیں۔