ہر شخص حکومتی نااہلی کو بھگت رہا ہے، سعید غنی


کراچی: سندھ کے وزیر اطلاعات سعید غنی نے کہا ہے کہ ملک میں ہر شخص حکومت کی نااہلی کو بھگت رہا ہے۔

سندھ کے وزیر اطلاعات سعید غنی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں گیس میسر نہیں لیکن حماد اظہر نے 3 وقت فراہمی کی بات کی تھی۔ اس وقت لوگوں کو 3 وقت کا کھانا تیار کرنے کے لیے بھی گیس میسر نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ صنعتوں اور گھروں کو بجلی نہیں دی جا رہی تو گیس جا کہاں رہی ہے ؟ بجلی کی قیمتوں میں عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی فرمائش پر اضافہ کیا گیا۔ ملک میں یوریا میسر نہیں اور ہر شخص حکومت کی نااہلی کو بھگت رہا ہے۔ پھر کہا جاتا ہے پاکستان سستا ملک ہے۔

سعید غنی نے کہا کہ بلدیاتی قانون میں ترمیم سے اختیارات میں کمی نہیں کی گئی اور بلدیاتی حکومت کے اختیارات میں کمی کا الزام سفید جھوٹ ہے بلکہ بلدیاتی ایکٹ میں ترامیم کر کے اختیارات میں اضافہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ سب سے زیادہ گیس پیدا کرتا ہے مگر گیس سے محروم ہے۔ آج انڈسٹری کے پاس گیس ہے نہ ہی گھروں میں آ رہی ہے اور حکومتی نالائقی گیس کے شعبے میں بھی نظر آ رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم نے پاکستانی معیشت کو کبھی نقصان نہیں پہنچایا، فواد چوہدری

صوبائی وزیر نے کہا کہ گورنر سندھ آئینی عہدے پر بیٹھے ہوئے ہیں۔ بل پر گورنر سندھ نے انٹرویوز دیے اور اپوزیشن کے ساتھ میٹنگ بھی کی۔ گورنر نے جو اعتراضات اٹھائے ان کو تسلیم کیا لیکن اب گورنر کے پاس کوئی اختیار نہیں کہ وہ بل پر اعتراض کریں۔

انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ نے 10 روز میں دستخط نہ کیے تو بل کو منظور تصور کیا جائے گا، گورنر سندھ عمران اسماعیل سیاست کر رہے ہیں۔

سعید غنی نے کہا کہ امریکہ میں مہنگائی ہے تو لوگوں کی قوت خرید بھی زیادہ ہے لیکن یہاں بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر کےعوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا گیا۔ ملک بھر میں کسانوں کو یوریا کھاد نہیں مل رہی۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں پاکستان مہنگائی کے لحاظ سے تیسرے یا چوتھے نمبر پر ہے اور سندھ میں لسانی فسادات پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ایم کیو ایم کا اعتراض ہے کہ جو مردہ قبر سے نکل کر ووٹ دینے آتے تھے وہ نہیں آ سکیں گے اور ایم کیو ایم کو اعتراض ہے کہ جو پولنگ اسٹیشنز ہائی جیک ہوجاتے تھے اب وہ نہیں ہو سکتے۔ ایم کیو ایم بلدیاتی انتخابات کو تاخیر کا شکار کرنا چاہتی ہے۔


متعلقہ خبریں