اسلام آباد ہائی کورٹ میں نواز شریف کے خلاف ایک اور درخواست دائر

فوٹو: فائل


اسلام آباد: نواز شریف کے متنازعہ بیان کے خلاف قانونی کارروائی اور مقدمے کے اندراج  کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایک اور درخواست دائر کر دی گئی ہے۔

اسلام آباد کے ایک شہری کی جانب سے دائر کی جانے والی درخواست میں سابق وزیر اعظم نوازشریف، ڈی جی ایف آئی اے، چیئرمین پیمرا اورچیئرمین پی ٹی اے کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ پانامہ کیس میں وزارت عظمیٰ سے ہٹائے جانے کے بعد سابق وزیراعظم تمام ریاستی اداروں سے نالاں ہیں،  ڈی جی ایف آئی اے کو نواز شریف کے خلاف قانونی کارروائی اور مقدمہ  درج کرنے کا حکم دیا جائے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پیمرا کو ہدایت کی جائے کہ نواز شریف کی ریاست مخالف تقاریر نشر نہ ہونے کو یقینی بنائیں اورچیئرمین پی ٹی اے کو سوشل میڈیا سے ریاست اور قومی اداروں کے خلاف مواد حذف کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔

نواز شریف کے ممبئی حملوں سے متعلق متنازعہ بیان کے بعد انہیں اپنے پارٹی ارکان اور دیگر پارٹیوں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ ملک بھر میں عدالتوں میں نواز شریف کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرانے کے لیے درخواستیں دائر کی جا رہی ہیں۔


متعلقہ خبریں