غلط معاشی پالیسیوں کا بوجھ عوام اٹھا رہے ہیں، بلاول بھٹو زرداری


کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ غلط معاشی پالیسیوں کا بوجھ عوام اٹھا رہے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کا ہر سیاسی میدان میں مقابلہ کریں گے اور ہم چاہتے ہیں کہ وفاقی سطح پر پیپلز پارٹی کی حکومت ہو۔

انہوں نے کہا کہ کراچی ترقی کرے گا تو پور ا ملک ترقی کرے گا اور این ایف سی کے تحت ہمیں ہمارا حصہ ملنا چاہیے۔ پیپلز پارٹی نے بلدیاتی حکومت کی مدت پوری کی اور پیپلز پارٹی خلوص نیت سے محنت کر رہی ہے اور ہم جانتے ہیں مشکلات بھی ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم کراچی کو ترقی کی راہ پر ڈال سکتے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ عوام کے مسائل میں کمی لائیں جبکہ ماضی کے مقابلے میں بلدیاتی نظام کو بہتر اور مضبوط بنانے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی خلوص نیت سے کام کر رہی ہے اور پیپلز پارٹی واحد حکومت ہے جس نے بلدیاتی اداروں کی مدت پوری کی۔ پیپلز پارٹی کی خواہش ہے سندھ میں مضبوط بلدیاتی حکومت بنے اور اب نئی بلدیاتی قانون سازی گزشتہ نظام سے بہتر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ہم نے خیبر پختونخوا میں تیزی سے غربت کو کم کیا، وزیر اعظم

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کراچی کو سنبھال سکتی ہے اور اس کا حق بھی دے سکتی ہے اور اب پاکستان کے معاشی حالات سب کے سامنے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے پاس اختیار نہیں ہے اس لیے وہ پارلیمنٹ کے ہاتھ نہیں باندھ سکتا۔

انہوں نے کہا کہ غلط معاشی پالیسیوں کا بوجھ عوام اٹھا رہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 17 دسمبر کو ملک بھر میں ضلعی سطح پر احتجاجی مظاہرے ہوں گے اور 27 دسمبر کو گڑھی خدا بخش میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے اصولوں پر کھڑی ہے اور پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو بھی تجویز دی تھی کہ مذہب اور سیاست کو آپس نہیں ملانا چاہیے۔ لاہور کے ضمنی انتخاب کے دوران پیپلز پارٹی کے خلاف پروپیگنڈا کیا گیا اور ضمنی انتخاب کے دوران کچھ لوگوں نے فوٹو شوٹ کے ذریعے پروپیگینڈا کیا۔


متعلقہ خبریں