پیپلز پارٹی کا مہنگائی کیخلاف ملک بھر میں احتجاج کا اعلان


کراچی: وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے 10 دسمبر کو مہنگائی کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کر دیا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں مہنگائی سے عوام کو پریشانی کا سامنا ہے۔ ایم کیو ایم ماضی میں عوامی مسائل پر خاموش رہی اور اب ہمارے خلاف بول رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈالر میں اضافہ اور بنیادی اشیا خورونوش کی قیمتیں بڑھ گئیں، ایم کیوایم اس پر ہی بول لیتی۔ پیپلز پارٹی نے عوامی مسائل پر احتجاج کیا اور اب وقت عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ دہرے معیار اور تقسیم کی سیاست نہیں کرنی چاہیے۔ کراچی کو خون سے صاف کیا گیا لیکن اب ایم کیو ایم کیا واپس شہر کو ماضی میں لے جانا چاہتی ہے؟

انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم ہماری اتحادی تھی تو پیٹرول کی قیمت کا بہانہ بنا کر 4 مرتبہ حکومت چھوڑی۔ اس وقت سندھ کو محبتوں کی ضرورت ہے اور مشکل سے نفرت ختم ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تنخواہ دار طبقے کے لیے مہنگائی ہے، فواد چودھری کا اعتراف

گیس کی لوڈشیڈنگ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گیس کی قلت کے باعث لوگ ناشتہ نہیں بنا سکتے اور بچے اسکول جانے سے قاصر ہیں لیکن گیس کی قلت پر ایم کیو ایم کی آواز نہیں نکلتی وہ صرف کراچی اور حیدرآباد کی ٹھیکیدار بنی ہوئی ہے۔ سندھ پاکستان میں سب سے زیادہ گیس پیدا کر رہا ہے اور اگر یہی صورتحال رہی تو پتھروں اور لکڑیوں کا زمانہ آ جائے گا۔

سعید غنی نے کہا کہ مہنگائی کے بجائے بلدیاتی آرڈیننس بل کے خلاف احتجاج ہو رہا ہے لیکن عوامی مسائل پر ایم کیو ایم کے منہ سے ایک لفظ نہیں نکلتا۔ وفاقی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے پاکستان میں کرپشن میں اضافہ ہوا ہے۔


متعلقہ خبریں