وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ کرلیا۔ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے چیف کمشنر کو خط لکھ دیا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ رانا شمیم کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی کارروائی زیرسماعت ہے۔عدالت رانا شمیم کو شوکاز نوٹس جاری کر چکی ہے۔
خط میں لکھا ہے کہ اگر رانا شمیم بیرون ملک روانہ ہو جاتے ہیں تو عدلیہ کی آزادی پر سنجیدہ سوال اٹھیں گے۔اس لیے آئندہ سماعت سے قبل ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی کارروائی مکمل کی جائے۔ رانا شمیم کے خلاف توہین عدالت کیس کی آئندہ سماعت 13 دسمبر کو ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں:اگر پیر کو رانا شمیم اصل بیان حلفی پیش نہیں کرتے تو فرد جرم عائد کریں گے،عدالت
یاد رہے کہ رانا شمیم کا بیان حلفی شائع ہونے پر اسلام آبادہائیکورٹ میں توہین عدالت کیس زیر سماعت ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے رانا شمیم کو اصل بیان حلفی جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے قرار دیا ہے کہ اگر پیر تک اصل بیان حلفی جمع نہ کرایا گیا تو فرد جرم عائد کریں گے۔
دوسری جانب سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم نے بیان حلفی لانے کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت طلب کی جسے عدالت نے مسترد کر دیا ہے۔