بچے کی ڈیلوری کے لیے رکن پارلیمنٹ سائیکل پر اسپتال پہنچ گئیں


2017 میں آسٹریلیا کی  خاتون رکن پارلیمان نے ایوان میں اپنے بچے کو دودھ پلا کر ماوں کے لیے ایک نئی مثال قائم کی۔ جس کے بعد نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ کے سپیکر دوران ایوان ہی ایک خاتون رکن پارلیمان کے بچے کو گود میں کھلاتے نظر آئے۔

لیکن گزشتہ روز نیوزی لینڈ کی خاتون رکن پارلیمنٹ نے بہادری کی الگ مثال قائم کر دی، جولی این جینٹررات گئے درد محسوس ہونے پر کسی اور کی مدد لیے بغیر خود سائیکل پر سوار ہو کر اسپتال پہنچ گئیں، جہاں ایک گھنٹے بعد ان کے بچے کی پیدائش ہو گئی۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا کی نئی قسم، نیوزی لینڈ میں بھی سفری پابندیاں عائد

بچے کی پیدائش کے بعد انہوں نے فیس بک پوسٹ میں اپنی تصاویر بھی شئیر کیں، جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ کیسے کسی ہیرو کی طرح سائیکل چلا کر اسپتال جا رہی ہیں۔

پوسٹ میں جولی نے لکھا کہ ”بڑی خبر! صبح تین بج کر چار منٹ پر ہم نے اپنے گھر کے نئے ممبر کا خیر مقدم کیا۔ میں نے ایسا کوئی منصوبہ نہیں بنایا تھا کہ سائیکل سے اسپتال پہنچوں گی لیکن ایسی کرنا پڑا”.

امریکہ میں پیدا ہونے والی 41 سالہ جولی جینٹر کی تصاویر سے پتہ چلتا ہے کہ ان کے ساتھ ان کے شوہر بھی تھے اور وہ بھی سائیکل چلا رہے تھے۔

ان کے اس عمل پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ان کی ہمت اور بہادری پر خوب سراہا گیا ہے۔

یاد رہے 2018 میں نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈرا آرڈن نے اپنے 3 ماہ کے بچے کے ساتھ اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کر کے سب کو حیران کر دیا تھا۔


متعلقہ خبریں