کوڑے کے بدلے کتابیں، انڈونیشین لائبریری کا منفرد پروگرام


انڈونیشیا کے جزیرے جاوا میں ایک موبائل لائبریری منفرد پروگرام چلا رہی ہے۔ پروگرام کے تحت بچے پلاسٹک کے کوڑے  کے بدلےلائبریری سے کتابیں حاصل کرتے ہیں۔

جاوا میں ایک لائبریرین بچوں کو  پلاسٹک کے کوڑے کے  بدلے میں کتابیں مہیا کر تی ہیں۔ اس سے وہ دو طرح سے معاشرے پر اثر انداز ہو رہی ہیں۔

ایک  تو پلاسٹک کا کوڑا جمع کر کے ماحول کو صاف کیا جارہا ہے اور دوسرا یہ پروگرام  بچوں میں کتب بینی کے شوق کو بڑھانے کا سبب بھی بن رہا ہے۔

پورے ہفتے خاتون لائبریرین اپنے تین پہیوں والی گاڑی پر کتابیں لاد  کرگاوں  میں جاتی ہیں۔ وہ گاؤں کے بچوں سے پلاسٹک کا کچرا وصول کرتی ہیں اور اس کے بدلے میں انہیں کتابیں دیتی ہیں۔

بچے انہیں پلاسٹک کے کپس، بوتلیں ، تھیلے اور دوسرا کچرا جمع کرواتے ہیں۔ لائبریرین یہ پلاسٹک اپنے ساتھیوں کو لا کر دیتی ہیں جہاں اسے الگ الگ کر کے ری سائیکل کیا جاتا ہے۔

وہ ایک ہفتے میں قریباً ایک سو کلوگرام کچرا جمع کر لیتی ہیں۔ ان کے مطابق ماحولیاتی تبدیلیوں کو روکنے اور زمین کے بچانے کے لیے ایسا کوڑا جمع کرنا ضروری ہے۔

دوسری جانب اس پروگرام سے بچوں میں ویڈیو گیمز کے بجائے کتب بینی کا شوق  بڑھ رہاہے ۔ لائبریرین کا کہنا ہے کہ کورونا کے دوران  تعلیم کا سلسلہ رکنے سے بہت سے بچے کتابوں سے دور ہو گئے ہیں انہیں واپس تعلیم کی طرف لانا ان کا مشن ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ بظاہر یہ ایک چھوٹی سی پیش رفت ہے لیکن اس کا اثر بہت وسیع ہے کیونکہ بچوں کو ماحول کے بارے میں معلومات میسر ہو رہی ہیں۔ یہ امر اہم ہے کہ انڈونیشیا میں پلاسٹک کا کوڑا ایک بہت بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔

 


متعلقہ خبریں