گگلی ماسٹر عبدالقادر نے جادو جگایا تو سلمان بٹ چکرا کر رہ گئے


لاہور: لیجنڈری لیگ اسپنرعبدالقادر نے30 سال بعد اپنی باؤلنگ کا جادو جگایا تو ممتاز بیٹسمین سلمان بٹ چکرا کرہی نہیں رہ گئے بلکہ کسی حد تک خوفزدہ بھی نظرآئے۔

62 سالہ لیگ بریک باؤلر عبدالقادر نے اپنا آخری میچ 1993 میں سری لنکا کے خلاف کھیلا تھا۔ 67 ٹیسٹ میچوں میں 236 اور 104 ایک روزہ میچوں میں 132 وکٹیں لینے والے گگلی ماسٹر عبدالقادر کی بولنگ کا ردھم اور دم خم آج بھی برقرار ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق چیف سیلیکٹر عبدالقادر نے اپنی باؤلنگ کے متعلق ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں باؤلنگ پریکٹس کرتا رہتا ہوں جس کی وجہ سے گیند پر پکڑ آج بھی مضبوط ہے۔

ایک سوال پرعبدالقادر نے کہا کہ شاہد آفریدی کو فنگر گگلی سکھائی اور انیل کمبلے و شین وارن کو بھی اسپن بولنگ کے گر سکھا چکا ہوں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ نے ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انیل کمبلے، مرلی دھرن اور شین وارن کو کھیل چکا ہوں لیکن عبدالقادرجیسی خطرناک باؤلنگ نہیں کھیلی۔ انہوں نے اپنے عہد کے عظیم باؤلر کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی گیند کا سامنا کرنا آج بھی مشکل ہے۔


متعلقہ خبریں