قدیم اطالوی شہر پومپئی میں غلاموں کا کمرہ دریافت


 ماہرین آثار قدیمہ نے جنوبی اٹلی میں مدفون شہر کے کھنڈرات میں غلاموں کا کمرہ دریافت کیا ہے۔

جنوبی اٹلی کے علاقے کمپانیا میں قدیم شہر پومپئی کے کھنڈارت دور دور تک پھیلے ہوئے ہیں جہاں ماہرین آثار قدیمہ کھدائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

حال ہی میں ماہرین نے اس شہر میں ایک بڑا کمرہ دریافت کیا ہے۔ جس کے متعلق ماہرین کا خیال ہے کہ یہ غلاموں کو رکھنے والا  کمرہ ہے۔یہ کمرہ پہلے سے دریافت شدہ ایک بہت بڑے گھر یا بنگلے کے پہلو میں دریافت کیا گیا ہے۔

ماہرین نے اس دریافت کو نہایت اہم قرار دیا ہے  اور ان کا کہنا ہے کہ اس دریافت سے قدیم افراد کے رہن سہن اور معاشرتی رویوں سے متعلق اہم معلومات ملیں گی۔

ماہرین نے جو کمرہ دریافت کیا ہےیہ ایک بڑا کمرہ ہے۔ جو کمرے کے علاوہ سامان ذخیرہ کرنے کا گودام بھی دکھائی دیتا ہے۔

دریافت ہونے والے کمرے کی ایک دیوار پر اونچی کھڑکی نصب ہے۔ یہ اس کمرے میں واحد کھڑکی ہے اور اس کی اندرونی دیواریں بھی نقش و نگار کے بغیر ہیں۔

جبکہ پہلے دریافت شدہ کمروں سے معلوم ہوتا ہے کہ پومپئی شہر کے مکین دیواروں پر تزئین و آرائش کا خوب شوق رکھتے تھے۔ اس سے اندازہ لگایا گیا ہے کہ یہ غلاموں کا کمرہ ہے۔

کمرے سے تین بیڈز کی باقیات بھی ملی ہیں جو لکڑی سے بنے ہوئے ہیں۔ کمرے میں سامان ذخیرہ کرنے والا ایک بڑا باکس اور  گھوڑوں کو پہنانے والی دھاتی اشیااور بھگی کا ہینڈل بھی ملا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ شہر سن79 عیسوی میں آتش فشاں پہاڑ کے پھٹنے کے باعث تباہ ہو گیا تھا اور اس شہر پر راکھ کی گہری تہہ جم گئی تھی۔

ماہرین کے مطابق جمی ہوئی راکھ کے نیچے اب بھی اس شہر کی رہن سہن اور معاشرت سے متعلق شواہد موجود ہیں۔

اس قدیمی شہر کو سن 1997 میں یونیسکو کے عالمی ورثے میں شامل کیا گیا تھا۔ اس شہر کے دریافت شدہ علاقوں کو دیکھنے سالانہ قریباً پچیس لاکھ افراد جاتے ہیں۔

 

 


متعلقہ خبریں