دبئی: متحدہ عرب امارات میں میاں بیوی کے درمیان ٹریفک خلاف ورزی پر ہونے والے اختلاف کا مقدمہ عدالت پہنچ گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ہم نے فیملی کورٹ میں خاندانی جھگڑوں اور میاں بیوی کے درمیان چپقلش کے مقدمات دیکھے ہیں لیکن اب میاں بیوی کے درمیان ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر ہونے والے اختلافات کے مقدمات بھی شروع ہو گئے ہیں۔
متحدہ عرب امارات میں بیوی کی گاڑی سے شوہر اور شوہر کی گاڑی سے بیوی نے جو ٹریفک خلاف ورزیاں کیں ان کے جرمانے ادا کرنے سے متعلق فیصلے کے لیے معاملہ عدالت پہنچ گیا۔ دونوں میاں بیوی میں اختلاف تھا کہ ایک دوسرے کی گاڑی جو چلائے گا چالان بھی وہی جمع کرائے گا۔
قانونی مشیر ڈاکٹر یوسف الشریف نے کہا کہ قانون کسی کو بھی فریق ثانی کی غلطی کا ذمہ دار نہیں ٹھہراتا اور ٹریفک خلاف ورزی انفرادی عمل ہے اس لیے جو بھی اس کا مرتکب ہو گا اس کا خمیازہ بھی اسے ہی بھگتنا ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں: شوہر کو واٹس ایپ پر گالیاں، بیوی کو 56 لاکھ روپے جرمانہ
انہوں نے کہا کہ اگر بیوی نے ٹریفک خلاف ورزی کی ہو گی تو جرمانہ شوہر کو نہیں بلکہ خود بیوی کو ہی ادا کرنا ہوگا تاہم اگر شوہر جرمانہ ادا کرنا چاہے تو وہ بھی کر سکتا ہے لیکن اگر معاملہ عدالت تک پہنچے گا تو شوہر جرمانہ ادا کرنے کا ذمہ دار نہیں ہو گا۔
عدالت نے ٹریفک خلاف ورزیوں پر ہونے والی طلاق کے تنازعہ پر مطلقہ خاتون کو حکم دیا کہ وہ اپنے سابق شوہر کے نام سے رجسٹرڈ گاڑی سے ہونے والی 15 ٹریفک خلاف ورزیوں کے جرمانے ادا کرے۔