پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم کےکپتان بابراعظم کے والد اعظم صدیقی نے سر پر گیند لگنے سے زخمی ہونے والی قومی ویمن کرکٹر بسمہ امجد کے علاج کی اپیل کر دی۔
سوشل میڈیا پر بابراعظم کے والد نے لکھا کہ وہ بغیر کسی تمہید کے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ سے درخواست کرتے ہیں کہ ہماری بیٹی بسمہ امجد کے فوری علاج کا بندوبست کردیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر یہ ممکن نہیں تو بابر کی بھارت کے میچ کی فیس سے بل ادا کر دیا جائے کیونکہ جس کو پاکستان کا سٹار لگا ھو وہ علاج کے لیے بے بس ہو تو یہ قوم کا بےبس ہونا لکھا جائے گا۔
View this post on Instagram
بابر اعظم کے والد نے ایک شعر بھی لکھا کہ درد دل کے لیے پیدا کیا گیا انساں کو وگرنا عبادت کے لیے کچھ کم نہ تھے کُرو بیاں۔
انہوں نے آخر میں صارفین سے گزارش کی کہ میری اس پوسٹ پر کوئی فضول کمیٹس نہ کرے۔
خیال رہےکہ گذشتہ دنوں کراچی میں قومی ویمن کرکٹر بسمہ امجدپی سی بی کی اکیڈمی میں سر پر گیند لگنے سے شدید زخمی ہوگئی تھیں۔
اطلاعات کے مطابق زخمی ہونے کے بعد بسمہ کو فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کے علاج پر 54 ہزار روپے بل بنا جسے بورڈ نے دینے سے انکار کر دیا، جس پر کھلاڑی رونے لگیں اور کسی اور نے ان کا بل ادا کیا۔ جس کے بعد پی سی بی کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔