ممکنہ احتجاج: دیگر صوبوں سے بھاری نفری اسلام آباد طلب

اسلام آباد: پولیس الرٹ، قیدی وینیں پہنچ گئیں، شہریوں کیلئے انتباہ جاری

اسلام آباد میں ممکنہ احتجاج سے نمٹنے کیلئے وزارت داخلہ نے ہنگامی اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کو احتجاج سے ہرصورت محفوظ رکھنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے اور دیگر صوبوں سے بھاری نفری طلب کرلی ہے۔

پنجاب، آزادکشمیر اور خیبرپختونخوا سے پولیس کے 30ہزارجوان بھیجنے کی درخواست کی گئی ہے۔ 10،10 ہزار جوان و افسران طلب کیے گئے ہیں۔

پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزادکشمیر سے پولیس نفری کو اپنا سامان بھی ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وفاقی وزارت داخلہ نے نفری اسلام آباد پہنچانے کیلئے تینوں سیکریٹریز کو مراسلے بھجوا دئیے ہیں۔

وزیراعظم کی ہدایت پر حکومتی ٹیم آج لاہور میں مظاہرین سے مذاکرات کرے گی۔ عمران خان کی ہدایت پر ڈاکٹر پیر نور الحق قادری کراچی سے لاہور پہنچ گئے ہیں۔

وزیر داخلہ کو بھی لاہور پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حکومتی ٹیم میں پیر نورالحق قادری، شیخ رشید احمد اور راجہ بشارت شامل ہوں گے۔

پیر نورالحق قادری نےعلما اکرام سے ٹیلفونک رابطے شروع کر دیئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت مذاکرات کے ذریعے معاملات کو حل کرنے پر یقین رکھتی ہے اور عوام کی مال و جان کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

 

 


متعلقہ خبریں