باجوڑ میں آپریشن کے دوران بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 4سیکیورٹی اہلکارشہید ہوگئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق شہدا میں ایف سی کے 2 جوان اور 2 پولیس اہلکارشامل ہیں۔
شہید لانس نائیک کی عمر 28 سال اور تعلق کوہاٹ سے تھا۔ شہید سپاہی جمشید کی عمر 26 سال اور تعلق کراچی سے تھا۔ پولیس کانسٹیبل عبدالصمد اور سپاہی نور رحمان نے بھی جام شہادت نوش کیا۔
یہ بھی پڑھیں:ہنگو: دہشتگردوں کی فوجی چیک پوسٹ پر فائرنگ، سپاہی شہید
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز کا باجوڑ کے علاقے دبرائی میں آپریشن کر رہی ہیں۔ سیکیورٹی فورسز نے پولیس کے ہمراہ رات گئے بھی آپریشن کیا تھا۔
وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ باجوڑ میں موجود دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری رکھیں گے۔ وطن کی سلامتی کی خاطر جان قربان کرنے والوں پر پوری قوم کو ناز ہے۔
خیال رہے کہ ہنگو کےعلاقےتھل میں گزشتہ رو دہشتگردوں نے فوجی چیک پوسٹ پر فائرنگ کرکے26 سالہ سپاہی وقاص کو شہید کر دیا تھا۔