حکومت بھی پاکستان کے خلاف بیانیے کا حصہ ہے، فواد چوہدری


لاہور: تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف نے سازش کے تحت متنازعہ بیان دیا ہے، وہ اب بھی بھارتی ایجنٹ کلبھوشن کو دہشت گرد ماننے کے لیے تیار نہیں اور بد قسمتی سے حکومت بھی پاکستان کے خلاف بیانیے کا حصہ بنی ہوئی ہے۔

لاہورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت نواز شریف وہی کررہے ہیں جو میر جعفر نے کیا تھا، نواز شریف کے بچوں حسن اور حسین نواز کی بھارت میں سرمایہ کاری ہے اس لیے وہ وہاں دلچسپی لے رہے ہیں، انہوں نے پاکستان کے لیے ہندوستان کی زبان استعمال کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت مسلم لیگ ن کا کارکن بھی نواز شریف سے اتنا ہی ناراض ہے جتنا کہ دوسرے لوگ ہیں۔

فواد چوہدری نے نواز شریف کا کمیشن بنانے کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کمیشن کی بات اس لیے کر رہے ہیں کہ پاجامے مقدمے سے توجہ ہٹائی جائے۔ انہوں نے قومی سلامتی کے اجلاس پر بھی اعتراض کیا اور کہا کہ اجلاس دوبارہ بلا  کر راست اقدام کیا جائے، صرف مذمت کافی نہیں۔

شاہد خاقان عباسی سے متعلق انہوں نے کہا کہ وہ ملک کے بجائے جاتی اُمرا کے وفادار بن چکے ہیں کیونکہ وہ اپنا نمک حلال کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ تحریک انصاف کے امیدواروں کے لیے درخواستیں جمع کرانے کا آخری دن بدھ  ہے۔ اب تک 3637  درخواستیں موصول ہوچکی ہیں اوراگلے ہفتے سے پارلیمانی بورڈ  ٹکٹ  دینے کا کام شروع  کرے گا، صرف پنجاب سے ہی  1700 کے لگ بھگ امیدواروں نے درخواستیں جمع کرائی ہیں۔

نگراں حکومت سے متعلق  فواد چوہدری نے کہا کہ نگراں حکومت کے لوگوں کا نام خفیہ رکھنا بلاجواز ہے اگر تحریک انصاف سے مشاورت نہیں ہوئی تو اپنے تحفظات پیش کریں گے، ضروری ہے کہ جلد سے جلد انتخابات کرائے جائیں، انہوں نے نگراں حکومت کے ناموں کو جلد حتمی شکل دینے کا مطالبہ کیا۔


متعلقہ خبریں