اسلام آباد: وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ مریم نے دھوبی گھاٹ میں فوج کو ڈسکس کیا، سیاست میں مریم نوازکے ساتھ دھوبی گھاٹ جیسا سلوک ہوگا۔
ڈاکٹرعبدالقدیرخان کی رہائش کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ادارے کے سربراہ کا نام لینا مریم نواز کی کم عقلی ہے۔ مریم کی تقریر سے عمران خان نکال دیں تو باقی کچھ نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فوج کو دھوبی گھاٹ اور چوک چوراہوں میں ڈسکس نہیں کرتے۔ مریم نواز سیاسی اکھاڑ پچھاڑ کر کے اپنی قبر کھودیں گی۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان خوش قسمت ہے کہ انہیں نالائق اپوزیشن ملی۔ عمران خان کہیں نہیں جا رہے پانچ سال پورے کریں گے۔
مہنگائی کے متعلق سوال پر وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی ہے، ہم کوشش کریں گے کہ اس پر قابو پایا جائے۔ ہم حالات کا خندہ پیشانی سے سامنا کررہے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم نے ڈالر ایجنسیوں کے چونتیس بندے اٹھائے۔ بڑی منی چینج کے آڈٹ کا فیصلہ قوم کے سامنے رکھیں گے۔ ڈالر کی قیمت افغانستان کے حالات کی وجہ سے بڑھی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگلے الیکشن کی تیاری کریں گے فیصلہ عوام نے کرنا ہے۔ نواز شریف خود ملک سے باہر گئے، انہیں خون کےآنسو رونے کی ضرورت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کو سوا3سال ہو چکے ہیں۔ اب جوڈو کراٹے کر کے اپوزیشن اپنی قبر کھودے گی۔