پنجاب پولیس میں خواتین کی نمائندگی تین فیصد سے بھی کم


لاہور: پنجاب پولیس میں خواتین اہلکاروں کو ملازمتوں میں زیادہ نمائندگی دینے کے حکومتی دعوے کے باوجود ان کی اصل تعداد تین فیصد سے بھی کم ہے۔

ہم نیوز کےمطابق پنجاب پولیس میں خواتین اہلکاروں کو ملازمتوں میں زیادہ نمائندگی دینے کے حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔

پاکستان میں آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبہ کی آبادی میں خواتین کا تناسب 48 فیصد ہے۔ صوبہ پنجاب میں ہر 23 ہزار500 خواتین کے لیے صرف ایک خاتون پولیس اہلکار تعینات ہے۔

پنجاب پولیس میں مرد پولیس اہلکاروں کی کل نفری ایک لاکھ 75 ہزار جب کہ خواتین اہلکاروں کی تعداد صرف دو ہزارتین سو ہے۔

پنجاب پولیس میں گزشتہ 4 سالوں میں لیڈیز اہکارو ں کی تعداد میں اضافہ تو ہوا ہے لیکن یہ آبادی کے تناسب سے اونٹ کےمنہ میں زیرہ کے مترداف ہے۔

پنجاب پولیس کے رویے کے باوجود خواتین اہلکار پُرعزم ہیں اور دیگر خواتین کو بھی اس محکمے میں آنے کا مشورہ دیتی ہیں۔

ایک کروڑ 11 لاکھ سے زائد آبادی کے شہر لاہور میں کل 86 تھانے ہیں لیکن خواتین کے لیے صرف ایک تھانہ ہے۔ جہاں ڈی ایس پی، ایس ایچ او سمیت پوراعملہ خواتین پرمشتمل ہے۔

شہر میں خواتین کے خلاف بڑھتے جرائم کے باوجود 53 لاکھ خواتین کے لیے صرف چھ سو 15 لیڈیز اہلکار ڈیوٹی پر مامور ہیں۔

وومن پولیس اسٹیشن کی ایس ایچ او نبیلہ نے ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس شہر بھر کی خواتین کے کیس آتے ہیں جس میں سے زیادہ گھریلو تشدد کے ہوتے ہیں۔

پولیس آفیسر ایس پی انوش مسعود نے پیغام دیا ہے کہ اگر خواتین کچھ کرنا چاہتی ہیں تو لگن سے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہی اس محکمے میں آگے بڑھنے کا اصول ہے۔

ملتان میں نیشل ایکشن پلان اور انچارج جوائنٹ ٹاسک ٹیم کی ہیڈ شہبانہ سیف نے ہم نیوز کو بتایا کہ پنجاب پولیس کی بہادر خواتین خود کو منوا رہی ہیں۔

راولپنڈی میں تعینات ایس ایس پی آپریشنز محمد بن اشرف کا کہنا ہے کہ دورحاضر میں خواتین پولیس اہلکاروں کی ضرورت بڑھ گئی ہے۔

راولپنڈی سی آئی اے پولیس کی ایس پی ماریہ محمود کا کہنا ہے کہ لوگوں کی خدمت کے جذبے نے انہیں اس شعبے میں آگے بڑھنے پر مائل کیا۔

ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواتین کے مسائل کے حل لیے خاتون پولیس اہلکار زیادہ مددگار ثابت ہوتیں ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس محکمے میں خواتین کومردوں کے برابر ترقی کرنے کے مواقع  ملتے ہیں۔


متعلقہ خبریں