ملکی ترقی کا واحد راستہ نئے انتخابات: شہباز شریف اور فضل الرحمان یک زبان


قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف  اور یو جے آئی کے سربراہ مولانافضل الرحمان  یک زبان  ہو گئے ،  کہتے ہیں کہ ملک ترقی کا واحد راستہ نئے انتخابات ہیں۔

جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان  قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی عیادت کے لیے لاہور پہنچے تھے۔ میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان  کا شکر گزار ہوں کہ وہ یہاں آئے، ان سے ملکی صورتحال پر تفصیل سے گفتگو ہوئی۔

شہباز شریف نےکہا  ہے کہ ملک میں ایسے بدترین حالات کبھی نہیں دیکھے، فوری طور پر شفاف انتخابات کرائے جائیں اور یہی پاکستان کوترقی کی جانب لےجانےکاراستہ ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ شفاف انتخابات پی ڈی ایم اورعوام کامطالبہ ہے، دن رات محنت کرکے ملک کو 2018کی صورتحال پرواپس لائیں گے ۔

شہباز شریف نے کہا کہ مہنگائی اور موجودہ حکومت کیخلاف ہمیں مارچ اور سیاسی وقانونی حق استعمال کرتےہوئےحکومت کامحاسبہ کرناہوگا۔

ملک میں مہنگائی میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، لاکھوں لوگ بے روزگار ہوچکے ہیں،عوام پر بجلی اور گیس کے بم گرائے جا رہے ہیں۔

ڈینگی نےملک میں تباہی مچائی ہوئی ہے،اسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کو بیڈز نہیں مل رہے اورحکومت غفلت کی نیندسورہی ہے۔

اس موقع پر مولانافضل الرحمان نے کہا کہ لاہور آیا تو شہبازشریف کی خدمت میں پیش ہونا ضروری سمجھا،پی ڈی ایم اپنے اہداف اور مقاصد کیلئے سنجیدہ اور متحرک ہے۔

پی ڈی ایم سنجیدہ ہے،16اکتوبرکوفیصل آباد،31اکتوبر کوڈی آئی خان میں اجتماع ہوگا، موجودہ حکومت سے نجات ہر آدمی کی خواہش بن چکی ہے،فوری الیکشن پاکستان کی ضرورت ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک میں تمام ادارے تباہ ہوچکے ہیں، ڈاکٹرز، اساتذہ، کسان ، مزدور سمیت ہر طبقہ مشکلات کا شکار ہے۔

ہم برطرف ملازمین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر چکے ہیں اور ان کے ساتھ کھڑے ہیں،حکومت عوام پرقہربن کرمسلط ہے،فوری انتخابات ملکی ضرورت ہیں۔


متعلقہ خبریں