اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ورلڈ کپ: پاکستانی شاہین فائنل میں


ماسکو: پاکستان کے ننھے شاہینوں نے اسٹریٹ چائلڈ ورلڈ کپ 2018 کے سیمی فائنل میں انڈونیشیا کو پچھاڑ کر فائنل میں جگہ بنا لی۔

ہم نیوز کے مطابق ننھے شاہینوں نے انڈونیشیا کے خلاف چار کے مقابلے میں پانچ گول سے فتح حاصل کی۔

مقررہ وقت میں میچ نتیجہ خیز ثابت نہ ہو سکا جس کے باعث میچ کا فیصلہ پینلٹی شوٹ آؤٹس پر کیا گیا۔ اس مرحلے میں پاکستان نے چار کے مقابلے میں پانچ گول سے فتح حاصل کر لی۔

https://twitter.com/MuslimHandsPK/status/995987240462450688

فائنل میں پاکستان کا مقابلہ ازبکستان کی ٹیم سے ہوگا۔

فتح کے بعد پاکستانی ٹیم کے کپتان محمد عبداللہ کا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے کہ ٹیم فائنل میں بھی اچھے کھیل کا مظاہرہ کرے گی۔

پاکستانی اسٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم کے کوچ عبدالرشید کا کہنا تھا کہ ہم بھرپور کوشش کریں گے کہ اسٹریٹ چائلڈ فٹ بال ورلڈ کپ کی ٹرافی اپنے وطن لا کرعوام کو تحفہ دیں۔

ایونٹ میں پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں ازبکستان کی ٹیم کو شکست دی تھی۔ دوسرے میچ میں روس کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرایا تھا۔ تیسرے میچ میں تاجکستان کی ٹیم کو دو صفر سےشکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔

پاکستان اسٹریٹ چلڈرن کی فٹ بال ٹیم کی تربیت کے انتظامات میں ایک بین الاقوامی تنظیم ’مسلم ہینڈز‘ نے معاونت کی ہے۔

’مستقبل تم سے ہے ‘کی تھیم پر ہونے والے اس ’میلے‘ کا مقصد دنیا بھرمیں بے گھر بچوں کے حقوق کے شعورکو اجاگر کرنا ہے۔ فٹبال کے اس میلے کا انعقاد چندہ اکٹھا کرنے والی غیرسرکاری امدادی تنظیموں نے کیا ہے۔

پاکستان کے اسٹریٹ چلڈرن پر مشتمل ٹیم 2014 میں کانسی کا تمغہ جیت چکی ہے۔


متعلقہ خبریں