افغان خواتین فٹبالرز کی ٹریننگ شروع

افغان خواتین فٹبالرز کی ٹریننگ شروع

لزبن: پرتگال میں پناہ لینے والی افغان خواتین فٹبالرز کی ٹریننگ شروع ہو گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد پرتگال میں پناہ لینے والی افغان خواتین فٹبالر کی لزبن کے مضافات میں فٹبال کی ٹریننگ شروع کر دی گئی ہے۔

افغان خواتین فٹبالز اس حوالے سے بے حد خوش ہیں کہ انہیں نامور فٹبالر کرسٹینا رونالڈو کے ملک میں رہنے کا موقع ملا ہے۔

افغانستان کی خواتین فٹبالر 19 ستمبر کو پرتگال پہنچی تھیں۔ 6 ماہ بعد ہونے والے اپنے پہلے ٹریننگ سیشن کے دوران ام البنین رمزی نے کہا کہ میں بہت خوش ہوں اور مجھے یقین نہیں آتا کہ میں ایک بار پھر فٹبال کھیل رہی ہوں کیونکہ افغانستان میں اس کھیل کے لیے حالات بہت خراب ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اگست کے وسط سے کئی بار افغانستان سے نکلنے کی کوششوں کے بعد خواتین فٹ بالرز کی ٹیم بلآخر پرتگال پہنچنے میں کامیاب ہو گئی تھی۔ فی الحال ٹیم کے تمام کھلاڑی عارضی طور پر لزبن کے مضافات میں واقع ہوٹلوں میں مقیم ہیں۔

پرتگالی حکام کا کہنا ہے کہ پرتگال اور امریکہ کے مشترکہ آپریشن کی وجہ سے ہی یہ خواتین کھلاڑی افغانستان سے نکلنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: انگلینڈ کی فٹبال ورلڈ کپ کے لیے تیاریوں کو جھٹکا

واضح رہے کہ 15 اگست کو اقتدار سنبھالنے کے بعد طالبان نے کہا تھا کہ خواتین فٹبال تو کھیل سکتی ہیں لیکن اس کے لیے انہیں سخت شرائط ماننا ہوں گی، جن میں سے ایک باہر کھلے میدان میں کھیلنے پر پابندی شامل تھی۔

افغانستان میں 1996 سے 2001 کے دوران رہنے والے اپنے دور اقتدار میں طالبان نے خواتین کے کھیلوں میں حصہ لینے یا میچ دیکھنے جانے پر پابندی لگائی تھی تاہم گذشتہ 15 سالوں میں افغانستان میں خواتین کی فٹ بال ٹیم منظر عام پر آنا شروع ہوئی اور اس وقت سے ملک میں اس کھیل کا رجحان بہت بڑھا ہے۔


متعلقہ خبریں