قومی سلامتی کمیٹی نے ممبئی حملوں کے متعلق نواز شریف کا بیان مسترد کردیا


اسلام آباد:قومی سلامتی کمیٹی نے ممبئی حملوں کے بارے میں نواز شریف کا بیان مسترد کردیا ہے۔ کمیٹی نےمؤقف اپنایا ہے کہ بدقسمتی کی بات ہے کہ غلط فہمی یا کسی رنجش کی بنا پر ٹھوس شواہد اورحقائق کی موجودگی میں بھی ایسی رائے دی جارہی ہے۔ اجلاس میں سابق وزیراعظم کے اخبار میں شائع ہونے والے بیان کو گمراہ کن اور غلط قرار دیا ہے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت منعقدہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اجمل قصاب کو غیر معمولی تیزی سے پھانسی دیا جانا ممبئی حملوں کی تحقیقات میں رکاوٹ کی وجہ بنا۔

اعلامیہ میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ بھارت نے بارہا کہنے کے باوجود پاکستان کو اجمل قصاب تک رسائی نہیں دی،تحقیقات میں تعاون نہیں کیا،شواہد مہیا نہیں کئے اور تعاون کی پیشکش کو بھی ٹھکرادیا۔

حکومتی اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان بھارت سے کلبھوشن اور سمجھوتہ ایکسپریس کے معاملوں پر بھی تعاون کا منتظر رہا ہے، مقدمے کی راہ میں پاکستان نہیں بلکہ بھارت رکاوٹ ہے۔

حکومت پاکستان نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنا کردار جاری رکھے گا۔


متعلقہ خبریں