دعوے اور اعلانات نہیں بلکہ عمل ہونا چاہیے، ناصر حسین شاہ


کراچی: سندھ کے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ دعوے اور اعلانات نہیں بلکہ عمل ہونا چاہیے۔

وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماضی کی طرح دعوے اور اعلانات نہیں بلکہ عمل ہونا چاہیے لیکن وزیر اعظم کا 1100 ارب کا پیکج صرف باتوں کی حد تک ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ مارچ سے پہلے بلدیاتی انتخابات ہوجائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم عدالتوں کا بہت احترام کرتے ہیں اور چیف جسٹس کے ریمارکس پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتا۔ کراچی میونسپل کمیٹی (کے ایم سی) کے 44 میں سے 41 نالوں کو سندھ حکومت نے صاف کیا جبکہ 3 نالوں کی صفائی وفاقی حکومت نے کرائی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم کے دورہ کراچی سے متعلق باضابطہ اطلاع نہیں ہے۔ دسمبر تک ہماری بسیں سڑکوں پر آجائیں گی اور علی زیدی خوبصورت نقشے پیش کرنے کے بجائے حقائق سامنے رکھیں۔

صفائی کے معاہدے سے متعلق انہوں نے کہا کہ کراچی کے تمام اضلاع میں صفائی کا ٹھیکہ دیا جاچکا ہے اور معاہدے سے کراچی میں کچرے کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی کے پاس مکمل اختیارات ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کی ویکسینیشن: جعلی انٹری کرنے والے دو ملزمان گرفتار

انہوں نے کہا کہ جن شہدا کے اہلخانہ کو پلاٹ نہیں ملے انہیں دیے جائیں گے جس کی بلاول بھٹو نے وزیر اعلیٰ سندھ کو ہدایت دی ہے۔ شہدا کے لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے کوئی بھی منصوبہ آتا ہے تو ہم اسے ویلکم کریں گے اور چاہتے ہیں کہ وفاقی حکومت کی جانب سے دعوے نہ ہوں ان پر عمل بھی ہو۔

صوبائی وزیر بلدیات نے پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ اور دعا بھٹو کو شادی کی مبارک باد دی۔


متعلقہ خبریں