پنجاب اوربلوچستان کے بجٹ آج پیش کئے جائیں گے


لاہور: پنجاب حکومت آج صوبائی اسمبلی میں 85 ارب 40 کروڑ 28 لاکھ روپے سے زائد رقم کا سپلیمنٹری بجٹ پیش کرے گی۔  سہ پہر تین بجےطلب کیے گئے صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا بجٹ پیش کریں گی۔

پنجاب کی کابینہ پہلے سپلیمنٹری بجٹ کی منظوری دے گی جس کے بعد اسملی اجلاس میں منظوری کے لیے بجٹ پیش کیا جائے گا۔

دستاویزات کے مطابق سپلیمنٹری بجٹ کے تحت ہیلتھ سروسز میں 17 ارب 16 کروڑ 27 لاکھ 57 ہزار روپے، تعلیم میں 19 ارب 86 کروڑ 33  لاکھ 17 ہزار روپے، محکمہ پولیس میں پانچ ارب 60 کروڑ 76لاکھ 51ہزار روپے خرچ کیے جائیں گے۔

بلوچستان کی حکومت 90 ارب روپے خسارے کا سالانہ بجٹ آج پیش کرے گی۔ بجٹ کا کل تخمینہ 350 ارب روپے سے زائد لگایا گیا ہے۔

بجٹ میں تعلیم کے لیے 50 ارب روپے اور صحت کے لیے 19 ارب روپے رکھے جانے کاامکان ہے ۔

صوبائی حکومت غیر ترقیاتی اخراجات کے لیے 264 ارب روپے اور ترقیاتی کاموں کے لیے 90 ارب روپے سے زیادہ رقم رکھنے کی تجویز پیش کرے گی۔

بلوچستان میں مشیر خزانہ ڈاکٹر رقیہ ہاشمی ہیں۔ اب تک صوبائی حکومت کا اس ضمن میں کوئی اعلان سامنے نہیں آیا ہے کہ بجٹ تقریر کون کرے گا؟

آئین و قانون کے مطابق اسمبلی فلور پر تقریر یا بجٹ پیش کرنے والے کے لیے لازمی ہے کہ وہ رکن اسمبلی ہو۔ مشیر یا معاون خصوصی اسمبلی فلور پر تقریر کرنے یا بجٹ پیش کرنے کا مجاز نہیں ہوتا ہے۔


متعلقہ خبریں