سعودی عرب کی حکومت نے وزٹ اور سیاحتی ویزہ پر آئے غیر ملکیوں کو عمرہ ادا کرنے کی اجازت دے دی۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سیاحت اور وزٹ ویزہ پر آئے افراد ایٹمارنا ایپ پر اندراج کر کے عمرہ پرمٹ حاصل کرسکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق صرف انہیں افراد کو عمرہ کی اجازت ہو گی جن کی کورونا ویکسینیشن مکمل ہے اور وہ 14 دن کا قرنطینہ بھی گزار چکے ہیں۔
اردو نیوز کے مطابق گزشتہ ماہ کے دوران 6 ہزار غیر ملکی زائرین کو عمرہ ویزے جاری کیے گئے تھے۔
اس حوالے سے سیکریٹری حج وعمرہ نے بتایا تھا کہ وزارت حج و عمرہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ عمرہ، نماز اور زیارت کے لیے آنے والوں کی صحت و سلامتی کو یقینی بنانے کے سلسلے میں کوشاں ہے۔
سیکریٹری حج و عمرہ نے توجہ دلائی کہ عمرہ کمپنی کے ذریعے پیش کیے جانے والے ’محفوظ عمرہ پروگرام ‘ کا مقصد زائرین کو مملکت میں قیام کے دوران ہر طرح کی سہولتیں میسر ہوں۔
سیکریٹری حج و عمرہ نے کہا کہ لائسنس یافتہ ہوٹلوں پر پابندی ہے کہ وہ عمرہ زائرین سے کورونا ایس او پیز کی پابندی کرائیں۔
اس ضمن میں ہوٹلوں کو ایس او پیز سے آگاہ کردیا گیا ہے۔ہوٹلوں اور بسوں میں محفوظ آمد ورفت کا سسٹم اپنانے کی تاکید کی گئی ہے۔