شریف خاندان بےقصور ہے تو روزانہ سماعت کروائے، فرخ حبیب


اسلام آباد: وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ اگر شریف خاندان بے قصور ہے تو روزانہ کی بنیاد پر کیسز کی سماعت کروائے۔

وزیر مملکت فرخ حبیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن عوام کو گمراہ نہیں کر سکتی، 3 سال سے شریف خاندان اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپنے خلاف اپیلوں کو آگے نہیں چلنے دے رہا۔

انہوں نے کہا کہ شریف خاندان التواؤں کے پیچھے چھپ رہا ہے ، حدیبیہ پیپر ملز کیس بھی التواؤں کے ذریعے انہوں نے خارج کرایا ، اب وکیل کی بیماری کا بہانہ کر کے شریف خاندان کیسز کی سماعت میں تاخیر کر رہا ہے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ ایون فیلڈ کیس میں شریف خاندان نے جعلی قطری خط عدالت میں پیش کیا، نواز شریف جھوٹ بول کر لندن میں بیٹھے ہوئے ہیں اور عوام کی دولت لوٹ کر بیرون ملک شریف خاندان پرتعیش زندگی بسر کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف کو وزیر اعظم نامزد کرنے پر حمایت کریں گے، مریم نواز

وزیر مملکت نے کہا کہ مسلم لیگ ن اندرونی اختلافات کا شکار ہو چکی ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت نے پہلی دفعہ احتساب کا عمل شروع کیا ہے اور شریف خاندان اب این آر او کے پیچھے نہیں چھپ سکتے۔

انہوں نے کہا کہ شریف خاندان وکیل کا بہانہ بنا کر مقدمات میں تاخیر کر رہا ہے، ان سے کرپشن کا سوال ہو تو یہ لوگ بیمار ہوجاتے ہیں اور آج ان کے وکیل بھی بیمار ہو گئے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ ان کے قطری خط کو کسی نے قبول نہیں کیا اور اب آپ کے پاس عدالت کو مطمئن کرنے کے لیے ثبوت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ م اور ش لیگ کی لڑائی اب میڈیا پر بھی آ گئی ہے، شہباز شریف کی وزارت عظمیٰ کے سوال پر مریم نواز کیوں خاموش ہو گئیں ؟ مسلم لیگ ن کی قیادت کے فیصلے اب ٹاس پر ہوں گے۔


متعلقہ خبریں