پاکستان کے بڑے بزنس گروپ لیکسن اور ایئر عریبیہ اشتراک سے شہریوں کیلئے سستی ایئرلائن لانچ کرنے جا رہے ہیں جسے’’فلائی جناح‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔
یہ حالیہ دنوں میں شارجہ ایئر لائن کا تیسرا مشترکہ منصوبہ ہے۔ حکام کے مطابق ایئرلائن صرف سفر و سیاحت کے ساتھ ملکی معیشت کی بہتری میں اپنا کردار ادا کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کا طیارہ وزن کے حساب سے نیلام
ائیر لائن سے اندرون اور بیرون ملک سستی ترین پروازیں چلائی جائیں گی۔ فلائی جناح کو ابتدائی طور پر کراچی سے شروع کیا جائے گا۔ جہاں سے یہ پاکستان بھر میں مختلف روٹس پر خدمات سر انجام دے گی۔ بعد میں بین الاقوامی سطح پربھی روٹ نیٹ ورک کو وسعت دی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ فلائی جناح ایک لو کاسٹ بزنس ماڈل ہوگا۔ جس میں صارفین کو قابل اعتماد اور سستا سفر مہیا کیا جائے گا۔
کمپنیوں نے ایک بیان میں کہا کہ یہ “پاکستان کے ٹریول اور ٹورزم سیکٹر کے اسٹریٹجک وژن کو پورا کرے گا اور ملک کی معاشی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرے گا ۔
ایئر عربیہ کے چیئرمین شیخ عبداللہ بن محمد الثانی نے کہا ہے کہ پاکستان کی نئی کم لاگت والی ائیر لائن کو لانچ کرنے کے لیے اس مشترکہ منصوبے میں شراکت داری پر ہمیں خوشی ہے – ہمیں یقین ہے کہ فلائی جناح پاکستان کے ہوائی ٹرانسپورٹ کے شعبے میں اہم کردار ادا کرے گی اور مقامی معیشت میں براہ راست حصہ ڈالے گی۔
شیخ عبداللہ نے کہا ہے کہ ہم لیکسن گروپ اور حکومت پاکستان کا ان کے اعتماد پر شکریہ ادا کرتے ہیں اور ہم نئی ایئرلائن کی ترقی کے لیے کام کرنے کے منتظر ہیں ، جو ملک میں ہوائی سفر کے نئے آپشن کے طور پر کام کرے گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایئر آپریٹنگ سرٹیفکیٹ (اے او سی) کو محفوظ بنانے پر کام جلد ہی شروع ہو جائے گا۔ لانچ کی تاریخ ، بیڑے ، اور نیٹ ورک کے بارے میں مزید تفصیلات کا اعلان مقررہ وقت میں کیا جائے گا۔