افغانستان سے امریکی انخلا کے نتائج ہم سب بھگتیں گے، برطانوی سیکریٹری دفاع

افغانستان سے امریکی انخلا کے نتائج ہم سب بھگتیں گے، برطانوی سیکریٹری دفاع

لندن: برطانیہ کے سیکریٹری دفاع بین والیس نے افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا کے طریقہ کار پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس طرح کے انخلا سے جو نتائج برآمد ہوں گے وہ ہم سب بھگتیں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ طالبان کے دوبارہ آنے سے افغانستان شدت پسندوں کی آماجگاہ بن جائے گا جس سے دنیا کو شدید خطرات لاحق ہوں گے۔

طالبان کنٹرول سنبھال لیں تو ہمارے سفارتخانے کو نشانہ نہ بنائیں، امریکی کوشش

برطانیہ کے سیکریٹر دفاع بین والیس نے یہ بات امریکہ کے مؤقر نشریاتی ادارے اسکائی نیوز کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے کہی ہے۔

انہوں نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ طالبان کی جانب سے مزید علاقوں پر قبضہ کیے جانے کی وجہ سے 600 برطانوی فوجی شہریوں کی افغانستان سے انخلا میں مدد کریں گے۔

انٹرویو میں پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں برطانوی سیکریٹر دفاع نے کہا کہ اس طرح سے امریکی افواج کے انخلا نے زمین پر موجود بہت بڑا مسئلہ ادھورا چھوڑ دیا ہے جو طالبان کے لیے تحریک کا بھی سبب بن رہا ہے۔

برطانیہ نے طالبان حکومت کے ساتھ کام کرنے پہ رضامندی ظاہر کردی

برطانوی سیکریٹری دفاع بین والیس نے دعویٰ کیا کہ امریکی افواج کے افغانستان سے انخلا کے نتیجے میں فائدہ القاعدہ کو پہنچے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ القاعدہ واپس آجائے گی۔

اسکائی نیوز سے بات چیت میں انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ بہت زیادہ پریشان ہیں کیونکہ ناکام ریاستیں اس قسم کے افراد کی افزائش گاہ ہوتی ہیں۔

امریکی افواج کے انخلا کے طریقہ کار کو بہت بڑی غلطی قرار دیتے ہوئے برطانوی سیکریٹری دفاع بین والیس نے کہا کہ اس کے نتائج ہم سب بھگتیں گے۔

طالبان نے اشرف غنی کے آبائی صوبے کا کنٹرول سنبھال لیا: کابل 87کلومیٹر دور

ان کا کہنا تھا کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے طالبان سے معاہدے کے بعد برطانیہ کے پاس اپنی افواج واپس بلانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا۔


متعلقہ خبریں