متحدہ عرب امارات کی جانب سے کورونا وبا کی روک تھام کے لیے پی سی آر ٹیسٹ کی نئی شرط عائد کیے جانے کے بعد پاکستان سے دبئی جانے والے کئی مسافروں کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر بورڈنگ پاس جاری نہیں ہوسکا۔
ایئر پورٹ حکام نے صرف دبئی سے ویکسین لگوا کر آنے والوں کو بورڈنگ پاس جاری کیا ہے تاہم اسلام آباد سے دبئی جانے والے 300 سے زائد مسافروں کو بورڈنگ پاس جاری نہ ہوسکا۔
ایئر پورٹ حکام کا کہنا ہے کہ ریپڈ ٹیسٹ کی شرط متحدہ عرب امارات کی طرف سے عائد کی گئی ہے، شرط کے مطابق یو اے ای جانے والے مسافر سفر سے 6 گھنٹے پہلے پی سی آر کی رپورٹ جمع کروائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:یو اے ای: پاکستانیوں سمیت دیگر ممالک کے مسافروں پر نئی پابندیاں عائد
بورڈنگ پاس جاری نہ ہونے ریپڈ پی سی آر کی شرط عائد کرنے پر مسافر بھپر گئے اور انہوں نے اسلام آباد ایئرپورٹ پرشدید احتجاج کیا ۔۔
خیال رہے کہ اس سے قبل متحدہ عرب امارات نے مسافروں کے لیے 72 گھنٹے پہلے پی سی آر جمع کروانے کی شرط عائد کر رکھی تھی۔
پاکستان، بھارت سمیت دیگر ممالک سے دبئی کی فلائٹس بڑھتے کورونا کیسز کے باعث معطل کر دی گئی تھیں۔