لاہور: مسلم لیگ ن کی مرکزی مجلس عاملہ نے چیئرمین نیب کی وضاحت کو غیرذمہ دارانہ قرار دے دیا ہے، جھوٹے الزامات لگانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائےگی اور ایسے تمام لوگوں کو بے نقاب کیا جائے گا۔
مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں نواز شریف کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔ مجلس عاملہ نے فیصلہ کیا ہے کہ انتخابات کے لئے امیدواروں سے 15 مئی سے ماڈل ٹاؤن لاہورآفس میں درخواستیں وصول کی جائیں گی۔
اجلاس میں بھارت کی جانب سے اشتعال انگیزی کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ اقوام متحدہ کشمیر میں اپنا نمائندہ بھیجے۔ اعلامیے کے مطابق اجلاس میں وزیر داخلہ احسن اقبال پر حملے کی شدید مذمت کی گئی اور ان کی جلد صحت یابی کے لے دعا کی گئی۔