کوئٹہ چرچ حملہ، متاثرین کو معاوضہ نہ ملا تو افسران معطل کر دیں گے، چیف جسٹس کا افسران پر اظہار برہمی


کوئٹہ: چرچ حملہ ازخود نوٹس کیس پر چیف جسٹس نے افسران پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر چرچ حملے کے متاثرین کو پیسے نہ ملے تو آپ کو معطل کردوں گا۔

سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری میں سانحہ چرچ حملے سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت چیف جسٹس ثاقب نثار اور جسٹس اعجاز الحسن پر مشتمل بینچ نے کی۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے سیکرٹری داخلہ سے کہا کہ ‘کتنا وقت گزر گیا آپ کو احساس نہیں ہے، غریب مر گئے، زخمی ہوئے، ان کی تکلیف کون دیکھے گا اگرجلد متاثرین کو معاوضہ نہ دیا گیا تو پھر ہم کارروائی کریں گے۔’

جسٹس اعجاز الحسن نے ریمارکس دیئے کہ ‘مجھے امید ہے ان 58 افراد کو معاوضہ دے دیا جائے گا۔’

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ڈپٹی کمشنر کہاں ہیں انہیں بلا لیں۔ سیکرٹری داخلہ نےعدالت کو بتایا کہ ڈپٹی کمشنر میڈیکل چیک اپ کے لئے کراچی گئے ہیں۔

چیف جسٹس نے سیکرٹری داخلہ کو کہا کہ ‘جس کو کچھ نہ دیا گیا انہیں آپ کی تنخواہوں سے کٹوتی کرکے معاوضہ دیں گے۔’

بعد ازاں چرچ حملہ کیس کی سماعت ملتوی کر دی گئی۔


متعلقہ خبریں