ایک خاتون، 7 تمغے، اولمپکس میں نیا ریکارڈ


آسٹریلیا کی خاتون تیراک ایما میکین نے ٹوکیو اولمپکس میں تاریخ رقم کر دی۔

ایما میکین ایک اولمپک میں 7 میڈل جیتنے والی دوسری کامیاب خاتون اولمپک ایتھلیٹ بن گئی ہیں، آسٹریلوی تیراک چار گولڈ میڈلز سمیت سات اولمپک میڈلز جیتنے میں کامیاب ہوگئی ہیں۔

ایما میکین مجموعی طور پر اب تک 11 اولمپک میڈلز جیت چکی ہیں اور وہ آسٹریلیا کی جانب سے سب سے زیادہ میڈلز جیتنے والی ایتھلیٹ بھی بن گئی ہیں۔

ایما میکین نے 50 میٹر فری اسٹائل مقابلہ 23.81 سیکنڈ میں جیتنے کا اولمپک ریکارڈ بھی قائم کیا ہے۔ اپنی تاریخی کامیابی کے بعد ان کا کہنا تھا کہ یہ میرے لیے اعزاز ہے، مجھے سب نے سپورٹ کیا اور اس کے لیے میں نے بہت محنت کی تھی۔

ایما میکین سے قبل 1952 میں روس کی جمناسٹ ماریا نے سات میڈلز جیتے تھے۔ جاپان میں جاری ٹوکیو اولمپکس میں سوئمنگ مقابلوں میں آسٹریلیا نے اب تک 9 گولڈ میڈل جیتے ہیں، جس میں سے 4 ایما میکین نے حاصل کیے ہیں۔

برسبین سے تعلق رکھنے والی 27 سالہ سالہ ایما کا تعلق ایک سوئمر فیملی سے ہے۔ 1960 کے بعد ایما اور اس کے بھائی ڈیوڈ پانچ سال قبل ہونے والے ریو اولمپکس میں حصہ لینے والی پہلی بہن بھائی کی جوڑی تھی۔ جہاں ایما کے بھائی نے ایک سونے، دو چاندی اور ایک کانسی سمیت چار تمغے جیتے تھے۔

ایما میکین ایک اولمپک مقابلے میں سب سے زیادہ 4گولڈ میڈل جیتنے والی پہلی ایتھلیٹ بھی ہیں۔


متعلقہ خبریں