حلیم عادل شیخ کی گاڑی پر نوابشاہ میں پتھراؤ


کراچی: سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کی گاڑی پر پتھراؤ کیا گیا ہے۔

حلیم عادل شیخ نے اپنی ٹویٹ میں بتایا کہ ان پر نوابشاہ میں پتھراؤ کیا گیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ آصف زرداری اور بلاول زرداری نے اپنے غنڈوں سے ان پر حملہ کرایا، فائرنگ اور پتھراؤ کیا گیا۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا فرزند زرداری یاد رکھیں ہر فورم پر انہیں بے نقاب کروں گا۔

حلیم عادل شیخ نے ٹویٹ میں لکھا کہ گزشتہ روز آئی جی سندھ کو سیکیورٹی کے لیے خط بھی لکھا تھا لیکن سیکیورٹی فراہم نہیں کی گئی۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر، مراد سعید اور شہباز گل نے حلیم عادل شیخ کی گاڑی پر پتھراؤ کی مذمت کی ہے۔

اسدعمر نے مطالبہ کیا ہے گاڑی پر پتھراؤ کا نوٹس لینا چاہئے اور فوری طور پر حملہ کرنے والے لوگوں کو گرفتار کرنا چاہیے۔

مراد سعید نے ٹویٹ کیا کہ اس قسم کے اوچھے ہتکھنڈوں سے نا اہلی نہیں چھپ سکتی اور نہ ہمارے کارکنوں کے حوصلے پست ہوں گے۔ خوف بتا رہا ہے کہ تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے۔

شہبازگل نے الزام لگایا کہ پیپلزپارٹی سندھ میں بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر پی ٹی آئی رہنماؤں پر حملے کروا رہی ہے۔ مسلسل شکست کے بعد بلاول زرداری کو سندھ میں بھی شکست دکھائی دے رہی ہے۔


متعلقہ خبریں