ریاض: سعودی عرب میں بھی کورونا کی نئی پابندیاں لگا دی گئیں۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے مارکیٹوں میں داخلے کے لیے کورونا ویکسی نیشن کی پابندی کا اطلاق آج سے ہو گا۔ سعودی عرب میں کورونا ویکسی نیشن کے حوالے سے ڈیڈ لائن ختم ہو گئی جس کے بعد اب بازاروں اور عوامی مقامات پر ویکسین لگوانے والے ہی جا سکیں گے۔
سعودی وزارت تجارت کے ترجمان عبدالرحمن الحسین کا کہنا ہے کہ یکم اگست سے توکلنا ایپ پر’ویکسینیڈڈ‘ کے اسٹیٹس کے حامل افراد ہی بازاروں میں داخل ہو سکیں گے اس کے علاوہ دیگر افراد کو بازاروں میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔
سعودی حکام نے خبردار کر دیا ہے کہ یکم اگست 2021 سے ہر وہ شخص جس نے ویکسین نہیں لگوائی وہ سرکاری، نجی اداروں کے علاوہ بازاروں، ہوٹلوں اور دیگر تجارتی اداروں میں داخل نہیں ہو سکے گا۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: دنیا میں 19 کروڑ 85 لاکھ سے زائد افراد متاثر
وزارت تجارت نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ اس پالیسی پر عمل درآمد ہر صورت یقینی بنائیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل سرکاری و نجی اداروں کے علاوہ بازاروں اور تجارتی مقامات پر’توکلنا‘ ایپ کے بغیر داخلہ منع تھا تاہم اب اس قانون میں ویکسی نیشن کی شرط بھی عائد کردی گئی ہے۔