وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چین کا نقصان پاکستان کا نقصان ہے، دونوں ممالک ایک تھے اور ایک رہیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ داسو میں دشمن کے بزدلانہ دہشتگرد حملےکی سخت مذمت کرتے ہیں، حملے میں چینی باشندوں کے جانی نقصان پر پاکستانی حکومت اور عوام کو انتہائی دکھ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے خطے میں یکساں مقاصد ہیں، ہم افغانستان میں تشدد کی مذمت کرتے ہیں، افغانستان میں پائیدار امن واستحکام کے حامی ہیں۔
پاکستان اور چین نے ایک دوسرے کے مفادات کی ہمیشہ حمایت کی ہے، شاہ محمود
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں پائیدار امن کیلئے پاکستان اور چین کا یکساں موقف ہے، ہم وہاں ایسا نظام چاہتے ہیں جس میں تمام افغان گروپ شامل ہوں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چین میں حالیہ سیلاب سے جانی نقصان پر بہت افسوس ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کئی دہائیوں سے بھارتی مظالم وبربریت کا شکار ہیں، کشمیری عوام 5 اگست کے بھارتی اقدامات کا خاتمہ اور حق خودارادیت چاہتے ہیں۔ مسئلہ کشمیر پر چین کے بھرپور تعاون کے شکرگزار ہیں۔