معروف فوٹو جرنلسٹ دانش صدیقی افغانستان میں جاں بحق


بین الاقوامی خبر راساں ایجنسی رائٹرز سے منسلک معروف بھارتی فوٹو جرنلسٹ دانش صدیقی افغانستان کے ضلع  قندھار میں طالبان عسکریت پسندوں کے حملے میں ہلاک ہو گئے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کے بعد دانش صدیقی قندھار کے ایک علاقے میں افغان سیکیورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کی کوریج پر مصروف تھے۔

رپورٹ کے مطابق دانش صدیقی افغان سیکورٹی فورسز کے ہمراہ قندھار میں فرائض سر انجام دینے کے دوران طالبان عسکریت پسندوں کی جانب سے کیے گئے حملے کی زد میں آکر جاں بحق ہوگئے۔

تاہم فوری طور پر یہ معلوم نہ ہوسکا کہ طالبان کے اس حملے میں افغان سیکیورٹی فورسز کے کتنے اہلکار مارے گئے۔

خیال رہے کہ 2018 میں دانش صدیقی کو فیچر فوٹوگرافی پرعالمی ایوارڈ پولیٹزر سے نوازا گیا تھا۔

یہ مشترکہ انعام دانش صدیقی، ان کے دوست عدنان عابدی اور دیگر پانچ افراد کو میانمار کے روہنگیا مسلمانوں پر برمی افواج کے مظالم اور تشدد کو اجاگر کرنے پر ملا تھا۔

بھارت میں کورونا وبا کی دوسری لہر کے عروج کے دوران دانش صدیقی کی اجتماعی جنازوں سے متعلق لی گئی تصاویردنیا بھر میں وائرل ہوگئی تھیں۔

رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق دانش صدیقی کا کہنا تھا کہ انہوں نے کاروبار سے لے کر کھیل اور سیاست اور دیگر شعبوں کی کوریج کی ہے تاہم انہیں سب سے زیادہ مزہ انسانوں کے بارے میں بریکنگ نیوز دینے میں آتا تھا۔


متعلقہ خبریں