پاکستان کے پہلے ڈیپ واٹر کنٹینر ٹرمینل کا افتتاح آج


کراچی: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی آج کراچی کے ایک روزہ دورے کے دوران پاکستان کے پہلے ڈیپ واٹر کنٹینر ٹرمینل اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔

ہم نیوز کے مطابق ملک کے پہلے ڈیپ واٹر کنٹینر ٹرمینل پر بیک وقت 17 سے18  ہزار کنٹینر رکھے جا سکیں گے۔ 462 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے منصوبے کا آغاز 2007 میں ہوا تھا، اسے 2011 میں مکمل ہونا تھا۔

85 ایکڑ رقبے پر تعمیر یہ ڈیپ واٹر کنٹینر ٹرمینل اپنے 16 میٹر گہرے ڈرافٹ کے باعث بھاری وزن کے جہازوں کو لنگر انداز ہونے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

منصوبے کے توسیعی خاکے کے مطابق ٹرمینل کی گہرائی کو 18 میٹر کیا جائے گا۔

375 میٹر طویل برتھ رکھنے والے ٹرمینل پر چار برتھیں ہیں۔ اس بندرگاہ کو ملکی تاریخ کے سب سے زیادہ وزنی باربردار جہازوں کی ہینڈلنگ کا اعزاز بھی حاصل ہے ۔

جہازرانی کے شعبے سے متعلق حلقوں کو توقع ہے کہ منصوبے کی تکمیل سے پاکستان میں بحری تجارت کے نئے دروازے کھلیں گے۔

ایک روزہ دورے کے دوران وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کراچی سے حیدرآباد ایم نائن موٹروے کا افتتاح  بھی کریں گے۔

وزیراعظم این ای ڈی یونیورسٹی کی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔ اس دوران گرین لائن بس منصوبے سمیت دیگرترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس منعقد کیے جانے کا بھی امکان ہے۔


متعلقہ خبریں