آرپار کی باتیں کرنے والے پاؤں پکڑنے پر آ گئے، بلاول بھٹو


راولاکوٹ: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آرپار کی باتیں کرنے والے پاؤں پکڑنے پر آ گئے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا نعرہ ہے کہ کشمیر میں رائے شماری ہو اور کشمیری خود اپنے فیصلے کریں. آپ کو طاقت سے 25 جولائی کو پیپلز پارٹی کو کامیاب کرا کر کٹھ پتلی کو بھگانا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے شروع دن سے حکومت کو سلیکٹڈ کہا ہے اور وزیر اعظم اتنے ہوشیار ہیں اسمبلی میں سلیکٹڈ کے الفاظ پر ڈیسک بجاتے رہے۔ وزیر اعظم عمران خان عثمان بزدار کو ہی چلانا چاہتے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ آر پار کا نعرہ لگانے والے پاؤں پکڑنے کی سیاست پر آ گئے اور کہتے ہیں ہمیں وزیر اعظم بنائیں پاؤں پکڑنے کو تیار ہیں لیکن ہم کسی کے پاؤں نہیں پڑیں گے بلکہ آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں شکست پر ہم سے لڑائی کی گئی کہ ہم نے جیتنا تھا آپ کیوں جیت گئے۔ بجٹ اجلاس میں پیپلز پارٹی کے پورے اراکین آئے اور ہمارے دوست غائب ہو گئے لیکن ہم توقع رکھتے ہیں مولانا فضل الرحمان اپنے 4 اراکین کو پکڑیں گے جو بجٹ پر غائب تھے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اس حکومت کو چلانا چاہتی ہے۔ ہم نے ہر ممکن کوشش کی کہ باہر نکلیں لیکن ہمارے سب دوست بجٹ کے دن غائب تھے۔ عمران خان کو کھلا میدان دینے والوں کو بھی شوکاز نوٹس جاری کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے کسی بھی میدان میں ان کو نہیں چھوڑا۔ عثمان بزدار اور وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد آج بھی لائیں ہم ساتھ ہیں۔وزیر اعظم کہتے ہیں ہم امریکہ کو اڈے نہیں دیں گے لیکن یہ فیصلہ عمران خان کا نہیں ہے بلکہ پیپلز پارٹی دور میں پارلیمان نے فیصلہ کیا تھا کہ امریکہ کو اڈے نہیں دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں جلد گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی ہو گی، خسرو بختیار

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ 25 جولائی کو انتخابات میں پیپلز پارٹی کی جیت ہو گی اور آنے والا وقت پیپلز پارٹی کا ہو گا۔ مقبوضہ کشمیر میں ظلم پر ہم خاموشی برداشت نہیں کرسکتے۔ ہم مودی کو شادی میں دعوت پر نہیں بلاتے بلکہ آنکھو ں میں آنکھیں ڈالنے کو تیار ہیں۔ بنی گالہ سے کٹھ پتلی کو بھگائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کو ماننا پڑے گا یہاں کے مستقبل کا فیصلہ کشمیری عوام خود کریں گے اور کشمیریوں کے حقوق پر سودا نامنظور ہے۔ کٹھ پتلی حکمران نے سارے ملک کو تباہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کسی کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں، چیئرمین نیب

بلاول بھٹو نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ نامنظور ہے جبکہ موجودہ حکمران نے پورے ملک کو بحران میں ڈال دیا ہے اور اب کٹھ پتلیوں کو بھگا کر کشمیر کو بچانا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ تبدیلی کا اصل چہرہ مہنگائی، بےروزگاری اور مسائل ہیں اور اب انتخابات میں نوجوانوں کو باہر نکلنا پڑے گا۔


متعلقہ خبریں