ہم پاگل نہیں جو اتنی جدوجہد کے بعد کسی سے ڈیل کریں، مریم نواز


اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ڈیل سے متعلق خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ کیا ہم پاگل ہیں جو اتنی جدوجہد کے بعد کسی سے ڈیل کریں 

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن ریٹائر محمد صفدر اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوئے۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کے جلسے میں شہباز شریف شریک ہوئے تھے اور وہ مسلم لیگ ن کی طرف سے نمائندگی کر رہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ حکومت جائے گی تو دوبارہ نہیں آئے گی۔ آزاد کشمیر میں شفاف انتخابات ہوئے تو مسلم لیگ ن اکثریت سے کامیاب ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ مجھے کشمیر انتخابات کی مہم کی ذمہ داری دی گئی ہے اس لیے میں وہاں مصروف ہوں جس کی وجہ سے میں پی ڈی ایم کے اجلاس میں شریک نہیں ہوئی۔

مریم نواز نے کہا کہ اگر آزاد کشمیر انتخابات میں شفاف انتخابات ہوئے تو مسلم لیگ ن اکثریت سے کامیاب ہو گی لیکن عوام کو اس وقت انتظامیہ پر اعتماد نہیں ہے۔ آزاد کشمیر انتخابات میں اگر دھاندلی ہوئی تو اس کے دوررس نتائج نکلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کب جا رہی ہے یہ تو اللہ ہی جانتا ہے لیکن جب یہ حکومت جائے گی تو دوبارہ نہیں آئے گی جبکہ پی ڈی ایم نے عوام کو باور کرایا کہ اس سے زیادہ نااہل حکومت نہیں آئی۔ ہماری خارجہ پالیسی کو سیاسی اسٹینڈنگ کے ساتھ لنک نہیں ہونا چاہیے۔

مریم نواز کی عدالت میں پیشی کے موقع پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری عدالت کے اطراف موجود تھی اور سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ انتظامیہ کی جانب سے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے عدالت کے اطراف خاردار تاریں لگائی گئی تھیں۔ مریم نواز کی بیٹی کو بھی اسلام آباد ہائی کورٹ میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔


متعلقہ خبریں