چینی صدر شی جن پنگ نے خبردار کیا ہے کہ چین کسی سے مرعوب نہیں ہوگا اور نہ ہی کسی دوسرے ملک پر ظلم کرتا ہے۔ چین کی جانب میلی نگاہ ڈالنے والے (ممالک) فولاد کی ایک بڑی دیوار سے سر ٹکرائیں گے۔
بیجنگ کے تیان من اسکوائر میں چین کی کمیونسٹ پارٹی کے قیام کی صد سالہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم کسی کو بھی چین پر دھونس جمانے، جبر کرنے یا محکوم رکھنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
مزید پڑھیں: پاکستان اور چین کے درمیان رشتہ: آل ویدر اسٹریٹجک کو آپریٹو پارٹنر شپ
شی جن پنگ نے کسی بھی ملک کا نام لیے بغیر کہا کہ جو بھی اس کی جرات کرے گا وہ اپنا سر ایک ارب چار کروڑ چینی باشندوں کی اسٹیل کی دیوار سے ٹکرائے گا اور خود خون آلود ہوگا۔
تقریب میں شریک 70 ہزار کمیونسٹ پارٹی کی سینئر قیادت اور ارکان نے شی جنگ کی تقریر کا پرجوش انداز میں جواب دیا۔ شی جن پنگ کی تقریر کے دوران فوجی جیٹ طیاروں نے فضائی کرتب دکھائے، توپوں کی سلامی پیش کی گئی اور محب وطن نغمے چلائے گئے۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق چین کو درپیش، کووڈ کی وبا، معاشی چیلنج اور دیگر تنازعات جیسے مسائل کے پس منظر میں چین کی قیادت کا خیال ہے کہ سرکاری طور پر تصدیق شدہ اس تاریخ سے عوام کو روشناس کرانے سے رائے عامہ کو ہموار کرنے میں مدد ملے گی اور حکمران جماعت کے اقتدار کو اخلاقی جواز ملے گا اور ترقی کے بارے میں اس کے تصور کی عوامی حمایت بڑھے گی۔
شی جن پنگ نے کہا کہ چین کی ترقی میں کمیونسٹ پارٹی کا مرکزی کردار رہا ہے اور اسے لوگوں سے الگ کرنے کی کوششیں “ناکام” ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ صرف سوشلزم ہی چین کو بچا سکتا ہے اور صرف چینی خصوصیات کے حامل سوشلزم ہی چین کو ترقی دے سکتا ہے۔